راہل گاندھی نے خط لکھ کر ممتا بنرجی کی ریلی کو حمایت دینے کا کیا اعلان

کانگریس صدر راہل گاندھی نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی 19 جنوری کو کولکاتا میں منعقد ہونے والی ریلی سے ٹھیک ایک دن پہلے بذریعہ خط انھیں حمایت کا اعلان کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کولکاتا میں 19 جنوری یعنی ہفتہ کے روز مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی عظیم الشان ریلی ہے۔ یہ ریلی مودی حکومت کے خلاف ہوگی جس میں اپوزیشن اتحاد کا مظاہرہ دیکھنے کو ملے گا۔ اس ریلی میں ممتا بنرجی مودی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کریں گی۔ اس ریلی سے متعلق کئی ریاستوں کی علاقائی پارٹیوں نے اپنی حمایت دی ہے اور کئی بڑے لیڈران بھی اس میں شامل ہونے والے ہیں۔ کانگریس صدر راہل گاندھی نے بھی ریلی کی حمایت کرتے ہوئے ممتا بنرجی کو خط لکھا ہے اور مودی حکومت کے خلاف ان کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔

راہل گاندھی نے اپنے خط میں ممتا بنرجی کو ’دیدی‘ کہتے ہوئے خطاب کیا ہے اور لکھا ہے کہ مودی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف جدوجہد میں ہر طرح ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انھوں نے ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ اس ریلی سے ’متحد ہندوستان‘ کا مضبوط پیغام پورے ملک میں جائے گا۔ راہل گاندھی نے خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ پورا اپوزیشن اس ’یقین‘ کے تئیں متحد ہے کہ حقیقی حب الوطنی اور ترقی کی حفاظت، جمہوریت، سماجی انصاف اور سیکولرزم جیسے اقدار کی حفاظت کی جائے گی جن کو مودی حکومت برباد کر رہی ہے۔ انھوں نے خط میں مغربی بنگال کی یہ کہتے ہوئے تعریف بھی کی ہے کہ ’’ہم بنگال کے لوگوں کی تعریف کرتے ہیں جو تاریخی طور پر ہمارے ان اقدار کی دفاع کرنے میں آگے رہے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔