ڈی آر ڈی او پر ہمیں فخر ہے، مودی کو عالمی یوم تھیٹر کی مبارک باد: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا، بہت زبردست ڈی آر ڈی او، آپ کے کام پر فخر ہے۔ اس کے ساتھ ہی راہل گاندھی نے مودی پر بھی طنز کیا اور لکھا، ’میں وزیر اعظم کو عالمی یوم تھیٹر کی بہت بہت مبارک باد دیتا ہوں۔‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس صدر راہل گاندھی نے ہندوستان کو دشمن کے سیٹلائٹ کو خلا میں ہی مار گرانے کی مہارت حاصل کرکے دنیا کی چوتھی خلائی طاقت بنانے کے لئے ہندوستانی دفاعی تحقیقی تنظیم (ڈی آر ڈی او) کے سائنس دانوں کو مبارکباد دی ہے۔

راہل گاندھی نے بدھ کو ٹوئٹ کیا، ’’بہت زبردست ڈی آر ڈی او، آپ کے کام پر بہت فخر ہے۔‘‘ اس کے ساتھ ہی راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر بھی طنز کیا اور لکھا، ’’میں وزیر اعظم کو عالمی یوم تھیٹر کی بہت بہت مبارک باد دیتا ہوں۔‘‘

اس سے پہلے کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے ’مشن شکتی‘ کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا، ’’ڈی آر ڈی او کو مبارکباد۔مشن شکتی کی بنیاد ترقی پسند اتحاد (یوپی اے)-کانگریس حکومت نے سال 2012 میں رکھی تھی۔‘‘

کانگریس لیڈر نے ہندوستان کو خلائی طاقت بنانے کا سہرا پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو کو دیتے ہوئے کہا کہ پنڈت نہرو اور وکرم سارابھائی کے خوابوں کی وجہ سے ہندوستان خلائی ٹیکنالوجی میں ترقی کررہا ہے۔ ہندوستان کے لئے یہ فخر کی بات ہے۔‘‘

بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے بھی اس حوالہ سے ٹوئٹ کیا، انہوں نے لکھا، ’’ہندوستانی دفاعی سائنسدانوں کی طرف سے خلا میں سٹیلائٹ کو مار گرائے جانے کا کامیاب تجربہ کر کے ملک کا سر بلند کرنے کے لئے بے شمار مبارکباد۔ لیکن اس کی آڑ میں وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے انتخابی فائدہ لینے کے لئے سیاست کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔ الیکشن کمیشن کو فوری طور اس پر نوٹس لینا چاہیے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔