کرناٹک: راہل گاندھی کی مشترکہ انتخابی مہم کا 31 مارچ سے آغاز

کانگریس ریاست کی 20 لوک سبھا نشستوں پر مقابلہ کرے گی جبکہ جے ڈی ایس کرناٹک کی بقیہ 8 لوک سبھا نشستوں پر مقابلہ کرے گی جہاں دو مرحلوں میں 18ا پریل اور 23 اپریل کو انتخابات ہونے والے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بنگالورو: لوک سبھا انتخابات میں کانگریس۔جے ڈی ایس اتحاد کے زیادہ سے زیادہ نشستوں کے حصول کے لئے صدر کانگریس راہل گاندھی کرناٹک میں 31مارچ کو مشترکہ طورپر انتخابی مہم چلائیں گے۔

یواین آئی سے بات کرتے ہوئے اے آئی سی سی کے سکریٹری سورج ہیگڑے نے نشاندہی کی ’’ہمارے صدر راہل جی انتخابی حلیف جماعتوں جے ڈی ایس اور کانگریس کے سرکردہ لیڈران کے جلسہ میں انتخابی بگل بجائیں گے۔ یہ جلسہ عام میسورو یا پھر بنگالورو میں ہوگا‘‘۔ سورج ہیگڑے میسورو لوک سبھا حلقہ سے ٹکٹ کے خواہشمند ہیں، انہوں نے کرناٹک میں کانگریس۔جے ڈی ایس کے شاندار مظاہرہ کا یقین ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ مہم کے منصوبہ سے ریاست کے رائے دہندوں تک رسائی آسان ہوجائے گی۔

ریاست میں کانگریس۔جے ڈی ایس اتحادی حکومت کے مظاہرہ، مرکز میں این ڈی اے حکومت کی تمام شعبہ جات میں ناکامی انتخابی موضوع ہوں گے۔ ریاست کے عوام فرقہ پرست طاقتوں کے خطرناک منصوبوں سے واقف ہیں۔ عوام انتخابات میں کانگریس۔جے ڈی ایس امیدواروں کی حمایت کریں گے۔

واضح رہے کہ کانگریس اور جے ڈی ایس جس نے ریاست میں گزشتہ سال مئی میں منعقدہ انتخابات میں اتحادی حکومت بنائی تھی، لوک سبھا انتخابات مل کر لڑ رہے ہیں۔ یہ جماعتیں نشستوں کی تقسیم کے معاملہ پر رضامند ہوگئی ہیں۔ کانگریس ریاست کی 20 لوک سبھا نشستوں پر مقابلہ کرے گی جبکہ جے ڈی ایس کرناٹک کی بقیہ 8 لوک سبھا نشستوں پر مقابلہ کرے گی جہاں دو مرحلوں میں 18اپریل اور 23اپریل کو انتخابات ہونے والے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔