راہل گاندھی 22 اگست کو 'بھارت جوڑو یاترا' کے موقع پر سول سوسائٹی کے لوگوں سے ملیں گے

کانگریس 7 ستمبر کو کنیا کماری کے گاندھی منڈپم سے کشمیر تک اپنی 'بھارت جوڑو یاترا' شروع کرے گی۔ یہ ایک پد یاترا کی شکل میں 12 ریاستوں اور 2 مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے گزرے گی۔

راہل گاندھی
راہل گاندھی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس نے سول سوسائٹی سے وابستہ لوگوں کو 'بھارت جوڑو یاترا' میں شامل ہونے کی دعوت دینے کے بعد 22 اگست کو ان کو دہلی میں بلایا ہے۔ اس دوران ہر کسی کو 'بھارت جوڑو یاترا' سے متعلق تمام معلومات فراہم کی جائیں گی۔ اس میں دانشور، ادیب وغیرہ حصہ لیں گے اور یہ سب راہل گاندھی سے ملیں گے۔ اس کے ساتھ ہی اگلے دن یعنی 23 اگست کو کانگریس بھارت جوڑو یاترا کے لیے اپنا لوگو، ٹیگ لائن ویب سائٹ جاری کرے گی۔

22 اگست کو منعقد ہونے والا یہ پروگرام دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں ہونے جا رہا ہے۔ مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور پارٹی کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ سول سوسائٹی سے وابستہ لوگوں کو اس یاترا کے بارے میں تفصیلی جانکاری دیں گے اور ان سے بات چیت بھی کریں گے۔ اس کے بعد دوپہر میں راہل گاندھی کانسٹی ٹیوشن کلب پہنچیں گے اور سب سے اظہار تشکر کریں گے اور زیادہ سے زیادہ معلومات لیں گے اور اپنے خیالات دیں گے۔


کانگریس 7 ستمبر کو کنیا کماری کے گاندھی منڈپم سے کشمیر تک اپنی 'بھارت جوڑو یاترا' شروع کرے گی۔ یہ ایک پد یاترا کی شکل میں 12 ریاستوں اور 2 مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے گزرے گی۔ 3500 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے والی یہ پد یاترا تقریباً 150 دنوں میں مکمل ہوگی۔ راہل گاندھی سمیت کانگریس کے لیڈر اور کارکنان اس یاترا میں حصہ لیں گے، راہل گاندھی روزانہ تقریباً 22 کلومیٹر کی یاترا کریں گے۔ کیرالہ، کرناٹک، تلنگانہ، مہاراشٹرا کی ریاستوں میں یہ یاترا طویل ہونے کی امید ہے، جب کہ گجرات اور ہماچل پردیش میں یاترا کا حصہ کم ہوگا۔

اس کے ساتھ ہی یاترا کا کچھ حصہ کشتی کی مدد سے بھی مکمل کیا جا سکتا ہے۔ بھارت جوڑو یاترا کے لیے 7 مختلف راستوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، لیکن آخر میں سیکورٹی، جغرافیائی محل وقوع کو مدنظر رکھتے ہوئے یاترا کے روٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق یہ یاترا نومبر تک مہاراشٹر میں پہنچنے کی امید ہے۔ ساتھ ہی مانسون اجلاس کے دوران اس یاترا میں حصہ لینے والے ارکان پارلیمنٹ ایوان میں موجود نہیں رہ سکیں گے۔ نیز سول سوسائٹی سے وابستہ لوگوں کے علاوہ سیاسی جماعتوں میں ڈی ایم کے شامل ہوسکتی ہے۔


کانگریس نے 'بھارت جوڑو' یاترا میں شامل ہونے کے لئے ان سبھی لوگوں سے اپیل کر چکی ہے جو خوف، تعصب اور تعصب کی سیاست اور روزی روٹی کو تباہ کرنے والی معشیات، بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور بڑھتی ہوئی عدم مساوات کا متبادل فراہم کرنے کی اس وسیع قومی کوشش میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ دراصل، ادے پور میں نو سنکلپ چنتن شیویر کے دوران، کانگریس ہائی کمان نے فیصلہ کیا تھا کہ بھارت جوڑو پدیاترا 2 اکتوبر سے شروع کی جائے، لیکن اب کانگریس یہ سفر 7 ستمبر سے شروع کرے گی، جس کی قیادت راہل گاندھی کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔