'بھارت جوڑو یاترا' کے دوران کسان کے گھر ٹھہرے راہل گاندھی، مشین سے کاٹا چارہ

یاترا کے ٹوئٹر ہینڈل پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا ’’اصل ہندوستان تو بس گاوں میں ہی بستا ہے۔‘‘ اس میں راہل چارہ کاٹنے والی مشین چلا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے بھی اس مشین پر ہاتھ آزمایا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

جے پور: اپنی 'بھارت جوڑو یاترا' کے دوران کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے جمعرات کی شام دوسہ میں ایک کسان کے گھر پر تھوڑی دیر کے لیے رک کر ہاتھ سے چلنے والی مشین کا استعمال کرتے ہوئے چارہ کاٹا۔ انہوں نے کھلاڑیوں، کسانوں اور یاترا میں شامل دیگر طبقات کے لوگوں سے بھی بات چیت کی۔

یاترا کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر اس کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا ہے ’’اصل ہندوستان تو بس گاوں میں ہی بستا ہے۔‘‘ اس میں راہل چارہ کاٹنے والی مشین چلا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے بھی اس مشین پر ہاتھ آزمایا۔

قابل ذکر ہے کہ یہ یاترا فی الحال راجستھان کے دوسہ ضلع سے گزر رہی ہے۔ مکہ باز سویٹی بورا اور ہندوستانی قومی کبڈی ٹیم کے کپتان دیپک نواس ہڈا نے بھی جمعرات کو یاترا میں شرکت کی۔ اس کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا گیا ’’بازوؤں میں ہے دم، جیتیں گے ہم۔‘‘

گاندھی نے یاترا کے بارے میں فیس بک پر بھی پوسٹ کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ’’میں آج ہندوستان کی کھیلوں کی دنیا کے سپر اسٹارز کے ساتھ چلنا اعزاز کی بات ہے۔ ان ناقابل یقین چیمپئنوں نے اپنا پسینہ اور خون ہندوستان کو وقار دلانے کے لیے دیا ہے۔ انہوں نے بہت سی قربانیاں دی ہیں اور اولمپکس، کامن ویلتھ گیمز اور دیگر بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔‘‘


کانگریس لیڈر نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان ستاروں نے بھارت جوڑو یاترا کی حمایت کی ہے اور وہ ہندوستان کے اتحاد، بھائی چارے اور ہم آہنگی کے لیے چل پڑے ہیں۔ انہوں نے بتاییا کہ ان کے ساتھ شامل ہونے والوں میں کامن ویلتھ گیمز کی گولڈ میڈلسٹ اور اولمپین کرشنا پونیا، ایشیائی گولڈ میڈلسٹ اور اولمپین بھوپندر سنگھ، اولمپین ریس واکر سپنا پونیا، اولپمین شوٹر دیویانش سنگھ پرمار، اولمپین تیر انداز شیام لال، اولمپین تیر انداز دھُل چند ڈامور، ایشیائی گولڈ میڈلسٹ سمترا، جنوبی ایشیائی کانسی کا تمغہ جیتنے والی کچنار چودھری، دروناچاریہ ایوارڈ یافتہ وریندر پونیا، مہارانا پرتاپ ایوارڈ یافتہ ہیرانند کٹاریہ، یوگا ورلڈ ریکارڈ ہولڈر یوگی رام رس رام سنیہی، ارجن ایوارڈ یافتہ اور جنوبی ایشیائی کھیلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے - قومی کبڈی ٹیم کے فاتح کپتان دیپک رام نواس ہڈا اور ایشین گولڈ میڈلسٹ اور بھیم ایوارڈ یافتہ باکسر سویٹی بورا شامل ہیں۔

انھوں نے کہا ’’ان سب میں ایک چیز مشترک ہے - ہمارے ترنگے کو بلند رکھنے کے لیے لڑنے کا ان کا نڈر جذبہ۔‘‘ صبح یہ یاترا دوسہ ضلع کے گولیا گاؤں سے شروع ہوئی جبکہ رات کا آرام مینا ہائی کورٹ میں ہوا۔ پد یاترا کے دوران راہل گاندھی نے ’صحت کے حق' کے لیے کام کرنے والے ڈاکٹروں کے ایک گروپ سے بھی بات چیت کی۔‘‘

قبل ازیں، دوپہر میں راہل گاندھی نے کسانوں سے ملاقات کی۔ ان میں سنیوکت کسان مورچہ، ای آر سی پی سنگھرش سمیتی-مشرقی راجستھان، پردیش کسان سنگھرش سمیتی جیسی تنظیموں کے کسان بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ فلم ساز آنند پٹوردھن اور ماہر تعلیم سیمانتینی دھورو یاترا کے شام کے مرحلے میں راہل گاندھی کے ساتھ یاترا کی۔

قابل ذکر ہے کہ جمعہ یعنی آج اس یاترا کے 100 دن مکمل ہو رہے ہیں۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے کہا کہ جمعہ کی یاترا صبح ایک ہی مرحلے میں ہوگی اور صبح 6 بجے سے 11 بجے تک 23 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ راہل گاندھی جے پور میں شام 4 بجے پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے، جبکہ شام 7.30 بجے میوزک کنسرٹ ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔