’تھالی بجانا‘ اور ’دیے جلانا‘ کورونا کا علاج نہیں: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں کورونا کے معاملوں کی اتنی جانچ نہیں ہو رہی ہے جتنی درکار ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کے خلاف جنگ کو تھالی بجا کر یا آسمان کو اجالا دکھا کر نہیں جیتا جا سکتا بلکہ اس کے لئے ضروری ٹیسٹنگ سہولت دستیاب کرانا زیادہ ضروری ہے۔

راہل گاندھی نے ہفتہ کو ٹوئٹ کے ذریعہ ایک گراف کا اشتراک کیا ہے جس میں دنیا کے اہم ممالک کی ٹیسٹ کی صلاحیت کو ظاہر کیا گیا ہے۔ گراف کے مطابق ہندوستان میں کورونا کی ٹیسٹنگ سہولت پاکستان اور سری لنکا سے بھی کم ہے۔ کورونا ٹیسٹ کی صلاحیت پاکستان میں 10 لاکھ لوگوں پر 67 اور سری لنکا کے پاس 97 جبکہ ہندوستان کے پاس 29 ہے۔ جنوبی کوریا کے پاس یہ صلاحیت 7622، اٹلی کے پاس 7122 ہے اور امریکہ کے پاس 2732 ہے۔


راہل گاندھی نے کہا، ”ہندوستان کے پاس کووڈ -19 وائرس سے لڑنے کے لئے مناسب ٹیسٹ نظام تک نہیں ہے۔ لوگو ں سے تالی بجوا کر یا آسمان کو روشنی دکھانے میں مسئلہ کا حل نہیں ہوگا۔“

واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی نے کورونا وائرس کے انفیکشن کے خلاف جنگ میں ملک کی ’اجتماعی طاقت‘ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ اتوار 5 اپریل کو اپنے گھروں کی بالکونیوں میں کھڑے ہو کر نو منٹ کے لئے موم بتی، چراغ، ٹارچ یا موبائل فلیش لائٹ کو جلائیں۔


غورطلب ہے کہ اب تک ہندوستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے 68 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور متاثرہ افراد کی تعداد 2900 سے تجاوز کر چکی ہے۔ اب تک ملک بھر میں 2902 معاملات کی تصدیق ہو چکی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 601 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ ان 24 گھنٹوں میں 12 اموات بھی واقع ہوئیں۔ دریں اثنا راحت دینے والی خبر یہ ہے کہ کووڈ19 میں مبتلا مجموعی طور پر 184 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔ یہ اعدادوشمار وزارت صحت نے جاری کیے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔