راہل گاندھی نے امیٹھی کے لئے بھیجی امداد، مزدور بحران پر کپل سبل کا حکومت پر حملہ

امیٹھی سے تعلق رکھنے والے کانگریس لیڈران کا کہنا ہے کہ ایک ٹرک گندم آگیا ہے اور اسے علاقے کے غریب لوگوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کورونا وائرس کے بڑھتے اثر کی وجہ سے ملک میں لاک ڈاؤن جاری ہے۔ 21 دن کے لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں سے اپنے گھروں میں ہی رہنے کو کہا گیا ہے، لیکن اس دوران یومیہ مزدوروں کو متعدد پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سابق مرکزی وزیر اور کانگریس رہنما کپل سبل نے اس معاملے پر مودی حکومت پر طنز کیا ہے۔ کپل سبل نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ہندوستان کی دو تصاویر پیش کر کے موجودہ صورتحال کو بیان کیا ہے۔ ادھر راہل گاندھی نے امیٹھی کے عوام کے لئے امداد روانہ کی ہے۔


امیٹھی سے انتخابی شکست کے باوجود کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کا اس خطے سے لگاؤ کم نہیں ہوا ہے اور انہوں نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنے والے یہاں کے غریب لوگوں کی مدد کی ہے۔ انہوں نے غرییوں میں تقسیم کرنے کے لئے ٹرکوں کے ذریعے گندم اور دیگر اشیا بھیجی ہیں۔ کانگریس کے ایم ایل سی دیپک سنگھ نے کہا کہ ’’راہل جی امیٹھی کے لئے اپنی ذمہ داری کو نہیں بھولے، کیونکہ ان کے دل میں یہاں کے لئے ایک خاص مقام ہے۔‘‘

امیٹھی سے تعلق رکھنے والے کانگریس لیڈران کا کہنا ہے کہ ایک ٹرک گندم آگیا ہے اور اسے علاقے کے غریب لوگوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ عام انتخابات میں راہل گاندھی امیٹھی سے بی جے پی کی لیڈر اسمرتی ایرانی سے الیکشن ہار گئے تھے۔ تاہم، وہ کیرالہ کی وائناڈ لوک سبھا سے رکن پارلیمان منتخب ہوئے تھے۔


راہل گاندھی نے اپنے وائناڈ لوک سبھا حلقہ انتخاب کے لئے ایم پی لیڈ فنڈ سے 2.66 کروڑ روپئے منظور کیے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی طویل عرصے سے حکومت کو متنبہ کر رہے ہیں کہ ہندوستان کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خلاف فیصلہ کن اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے ’بہت بھاری قیمت‘ ادا کرے گا۔ انہوں نے 12 فروری کو بھی اسی طرح کا بیان دیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ، ’’کورونا وائرس لوگوں اور معیشت کے لئے بہت سنگین خطرہ ہے۔‘‘

ادھر کپل سبل نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا، ’’دو بھارت ہیں۔ ایک، جو گھر پر ہے، یوگا کر رہا ہے، رامائن دیکھ رہا ہے اور انتاکشری کھیل رہا ہے۔ جبکہ دوسرا بھارت گھر پہنچنے کی کوشش کر رہا ہے، جو بھوکا پیاسا ہے، بے آسرا ہے اور بے یار و مدد گار ہے۔‘‘


کپل سبل کا اشارہ وزرا کے گھر پر رہنے اور ٹوئٹر پر ان کے ذریعہ کھیلی گئی انتاکشری کی جانب تھا۔ واضح رہے کہ بدھ کے روز مرکزی وزارت صحت نے مہاجر مزدوروں کے سامنے آ رہے بحران سے نمٹنے کے لئے رہنما ہدایات جاری کیے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔