ای ڈی کے سامنے جمعہ کو پیش نہیں ہونا چاہتے راہل گاندھی، پیر تک کا مانگا وقت

راہل گاندھی سے ای ڈی افسران کی ہو رہی طویل پوچھ تاچھ سے کانگریس کے سینئر لیڈران و کارکنان شدید ناراض ہیں، کانگریس پورے ملک میں ای ڈی کی اس کارروائی کے خلاف احتجاج ظاہر کر رہی ہے۔

ای ڈی دفتر جاتے ہوئے راہل گاندھی
ای ڈی دفتر جاتے ہوئے راہل گاندھی
user

قومی آوازبیورو

13 جون سے 15 جون تک ای ڈی افسران نے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سے تقریباً 30 گھنٹے کی پوچھ تاچھ کی۔ اس طویل پوچھ تاچھ کے بعد بھی ای ڈی افسران راہل گاندھی سے مزید کچھ سوالات پوچھنا چاہتی ہے اور اسی لیے انھیں جمعہ کو ای ڈی دفتر پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حالانکہ راہل گاندھی جمعہ کو ای ڈی افسران کے سامنے پیش نہیں ہونا چاہتے، اور انھوں نے گزارش کی ہے کہ انھیں پوچھ تاچھ کے لیے پیر تک کا وقت دیا جائے۔ اس گزارش پر ای ڈی نے فی الحال کوئی رد عمل نہیں دیا ہے۔ یعنی ای ڈی افسران غور کر رہے ہیں کہ راہل گاندھی کے مطالبہ کو تسلیم کیا جائے یا نہیں۔

واضح رہے کہ راہل گاندھی سے ای ڈی افسران کی ہو رہی طویل پوچھ تاچھ سے کانگریس کے سینئر لیڈران و کارکنان شدید ناراض ہیں۔ کانگریس پورے ملک میں ای ڈی کی اس کارروائی کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔ کانگریس گزشتہ تین دنوں میں دہلی واقع ای ڈی دفتر کے باہر پارٹی کے سینئر لیڈران کے ساتھ ہوئے سلوک پر بھی بے حد ناراض ہے۔ دہلی پولیس نے راہل گاندھی کی حمایت میں کھڑے سینکڑوں لیڈران و کارکنان کو حراست میں لے لیا اور کئی لیڈروں نے تو دہلی پولیس پر غلط سلوک کا الزام بھی عائد کیا ہے۔


اس درمیان 16 جون کو ملک کی مختلف ریاستوں میں کانگریس نے ’راج بھون مارچ‘ نکالا ہے۔ یہ مارچ اس واقعہ کی ناراضگی میں ہے جب دہلی پولیس راجدھانی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں جبراً داخل ہو گئی اور پارٹی لیڈران کو ہراساں کیا۔ 15 جون کو پیش آئے اس واقعہ کے بعد کانگریس کے کچھ سرکردہ لیڈروں نے پریس کانفرنس کر 16 جون کو سبھی ریاست کے راج بھون میں احتجاج درج کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے تحت آج بہار، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، گوا وغیرہ ریاستوں میں کانگریس لیڈران و کارکنان سڑکوں پر نکل کر مظاہرہ کرتے ہوئے نظر آئے۔ کچھ مقامات پر کانگریس کارکنان کو حراست میں لیے جانے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔