کسانوں کو بے عزت کرنے والا کبھی ’دیش بھکت‘ نہیں ہو سکتا: راہل گاندھی

کانگریس صدر نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ کسانوں کو نظر انداز کیے جانے کو غلط ٹھہرایا اور کہا کہ انھیں اپنی ناکامی کی سزا کسانوں کو نہیں دینی چاہیے۔

راہل گاندھی
راہل گاندھی
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر کسانوں کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اتوار کو کہا کہ کسانوں کی بے عزتی کرنے والا کبھی دیش بھکت نہیں ہوسکتا۔ راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندرمودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا سائٹ پر اپنا یہ نظریہ بیان کیا۔ انھوں نے لکھا کہ ’’آپ کی ناکامیابی آپ کی ہے۔ اس کی سزا آپ کسانوں کو کیوں دے رہے ہیں۔ ہمارے کسان ہمیں زندگی دیتے ہیں ان پر کیا گیا ظلم ملک پر کیا گیا ظلم ہے۔ ہندوستان کے کسانوں کو نظرانداز کرنے والا کبھی دیش بھکت نہیں ہوسکتا ہے۔‘‘

اس سے قبل کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے بھی کسانوں پر ہو رہے مظالم کے خلاف ٹوئٹر پر اپنی بات رکھی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ اترپردیش حکومت کو گنا کسانوں کی کوئی فکر نہیں ہے جس کی وجہ سے کسانوں کے بچوں کو تعلیم اور کھانا نہیں مل رہا ہے اور ان کی اگلی فصل بھی خراب ہورہی ہے۔ محترمہ وڈرا نے ٹوئٹر پر کہا تھا کہ ’’گنا کسانوں کے خاندان دن رات محنت کرتے ہیں مگر اترپردیش حکومت ان کی ادائیگی کی بھی ذمہ داری نہیں لیتی ہے۔ کسانوں کا دس ہزار کروڑ روپے کا بقایہ کا مطلب ان کے بچوں کی تعلیم، کھانا، صحت اور اگلی فصل سب کچھ تعطل کا شکار ہوجاتا ہے۔ یہ چوکیدار صرف امیروں کی ڈیوٹی کرتے ہیں، غریبوں کی انہیں کوئی پروانہیں ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ پرینکا گاندھی مشرقی اترپردیش سے متعلق معاملوں کی انچارج ہیں اور علاقے میں پارٹی کی انتخابی مہم میں زور وشور سے لگی ہوئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 24 Mar 2019, 9:10 PM