رافیل کی جانچ جے پی سی کرے گی تو ’دودھ کا دودھ پانی کا پانی‘ ہو جائے گا: راہل

راہل گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت نے ایچ اے ایل سے رافیل کا کنٹریکٹ چھین کر انل امبانی کی کمپنی کو دے دیا، جس سے ملک کے نوجوانوں کا کتنا نقصان ہوا، مودی حکومت نے ملک کے نوجوانوں کو دھوکہ دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس صدر راہل گاندھی نے بدھ کے روز لوک سبھا میں رافیل ڈیل پر ہو رہی بحث میں حصہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے وزیر اعظم مودی پر جم کر حملہ بولا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت نے ایچ اے ایل (ہندوستان ایئروناٹیکل لمیٹڈ) سے رافیل کا کنٹریکٹ چھین کر انل امبانی کی کمپنی کو دے دیا، جس سے ملک کے نوجوان کا کتنا نقصان ہوا۔ اگر یہ کنٹریکٹ ایچ اے ایل کو حاصل ہوا ہوتا تو نوجوانوں کو روزگار بھی ملتا اور عزت بھی ملتی، لیکن مودی حکومت نے ملک کے نوجوانوں کو دھوکہ دے دیا۔

ایوان میں بحث کے دوران راہل گاندھی نے انل امبانی کا بھی نام لیا جس پر اسپیکر سمترا مہاجن نے ان سے کہا کہ وہ ان کا نام نہیں لے سکتے کیوںکہ وہ ایوان کے رکن نہیں ہیں۔ راہل گاندھی نے اس موقع پر وزیراعظم کو گھیرتے ہوئے کہا کہ پچھلی مرتبہ میری تقریر کے بعد انہوں نے ایک گھنٹے کی لمبی تقریر کی تھی لیکن رافیل ڈیل پر 5 منٹ بھی نہیں بول پائے۔ راہل گاندھی نے اپنی تقریر کے دوران رافیل ڈیل کی جانچ جے پی سی (مشترکہ پالیمنٹری کمیٹی) سے کرائے جانے کا مطالبہ کیا۔

راہل گاندھی کی تقریر کی اہم باتیں:

  • راہل گاندھی نے مودی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ اس حکومت نے 126 جہازوں کی ڈیل تبدیل کر دی اور جہازوں کی تعداد کو 126 سے گھٹا کر 36 کر دیئے۔
  • راہل گاندھی نے گوا کے وزیر کی مبینہ آڈیو ٹیپ ایوان میں چلانے کا مطالبہ کیا جس کو لے کر کانگریس نے منوہر پاریکر اور وزیر اعظم نریندر مودی پر نشانہ لگایا۔ اس پر وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے اعتراض ظاہر کیا اور لوک سبھا اسپیکر نے منظوری دینے سے منع کر دیا۔
  • راہل گاندھی نے کہا کہ رافیل کی کہانی میں بہت جھول ہے۔ وزیر اعظم مودی نے پچھلی بار میری تقریر کے بعد ایک لمبی تقریر کی تھی لیکن وہ رافیل پر 5 منٹ بھی نہیں بول پائے۔ اس پر بحث کرنے کی ان کی ہمت نہیں ہے۔ وزیر دفاع اے آئی اے ڈی ایم کے ارکان پارلیمنٹ کے پیچھے چھپ جاتی ہیں اور وزیر اعظم اپنے کمرے میں۔
  • راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ مودی خوفزدہ لگ رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کوئی مجھ پر انگلی نہیں اٹھا رہا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ پورا ملک آپ سے سوال پوچھ رہا ہے۔
  • کانگریس صدر راہل گاندھی نے رافیل معاملہ پر جے پی سی جانچ کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی کہا کہ سپریم کورٹ نے یہ کبھی نہیں کہا کہ اس معاملہ کی جانچ نہ ہو۔
  • راہل گاندھی نے کہا کہ دال میں کچھ کالا نہیں ہے بلکہ پوری دال ہی کالی ہے۔ جے پی سی جانچ کرایئے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔
  • ’دی وائر‘ کا ذکر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر دفاع کا کہنا ہےکہ پی ایم کو رافیل کے مول بھاؤ میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ یہ جو ٹیپ نکلی ہے اس میں پاریکر نے کہا کہ میرے پاس رافیل کی فائلیں پڑی ہیں۔ پورا سچ میرے پاس پڑا ہوا ہے اور پاریکر بی جے پی سے وابستہ ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔