’ ملک کے کروڑوں نوجوانوں کے دکھ میں شریک ہوں‘، راہل گاندھی کی سالگرہ نہ منانے کی اپیل

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کارکنان سےاپیل کی ہے کہ وہ ان کی سالگرہ نہ منائیں اور نوجوانوں کے غم میں شریک ہوں اور ان کے ساتھ کھڑے رہیں۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اپنے کارکنان اور مداحوں سے درخواست کی ہے کہ ملک میں جو ماحول ہے اس میں وہ ان کی سالگرہ نہ منائیں ۔ انہوں نے اپیل کی ہے کہ وہ آج سالگرہ نہ منائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کروڑوں نوجوان غم گین ہیں ان کو حکومت کی نئی اسکیم سے زبر دست ٹھیس پہنچی ہے ۔ انہوں نے اپیل کی ہے ایسے میں ان نوجوانوں کے دکھ میں شریک ہوں اور ان کے ساتھ کھڑے ہوں۔

واضح رہے حکومت نے نوجوانوں کو فوج میں روزگار فراہم کرنے کی ایک اسکیم کا اعلان کیا ہے جس کا نام اگنی پتھ اسکیم ہے لیکن اس کی خامیوں کو لے کر نوجوان سڑکوں پر اتر آئے ہیں اور کئی جگہ پر نوجوانوں کے یہ مظاہرے پر تشدد بھی ہو گئے ہیں ۔کانگریس نوجوانوں کے اس احتجاج میں ان کے ساتھ ہے لیکن کانگریس کے ہر چھوٹے بڑے رہنما نے احتجاج کے دوران پر تشدد ہونے کی سخت الفاظ میں مخالفت کی ہے۔


حکومت نے نوجوانو ں کے تیور دیکھتے ہوئے اس اسکیم میں دو واضح ترامیم کا اعلان کیا ہے جس میں بھرتی کی عمر کو 21 سال سے بڑھاکر 23 سال کر دیا گیا ہے اور آسام رائفلس میں ان اگنیویروں کو چار سال بعد یعنی ریٹائر ہونے کے بعد ریزرویشن دینے کا اعلان کیا ہے ۔ نو جوان اس عارضی ملازمت کے خلاف سڑکوں پر ہیں ۔

واضح رہے بی جے پی حکومت نے سال 2014 میں وعدہ کیا تھا کہ وہ ہر سال نوجوانوں کو دو کروڑ نوکری فراہم کرے گی لیکن آٹھ سال اقتدار میں رہنے کے با وجود اس وعدے پر عمل نہیں ہوا۔ حزب اختلاف میں اس بات کو لے کر ناراضگی ہے اور وہ سوال کر رہی ہے کہ دو کروڑ سالانہ نوکری دینے کے بجائے یہ چار سال کی عارضی نوکری کا کیا مطلب ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔