کیرالہ: آشرم پہنچ کر راہل نے ضعیف خواتین سے کی ملاقات، ساتھ میں کھایا ’اونا سادیا‘

راہل گاندھی نے ملپورم میں ہونہار طلبا سے ملاقات کا ایک ویڈیو فیس بک پر پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے’’میں کسی کے نفرت انگیز ایجنڈے کو ان نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ نہیں کرنے دوں گا۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

کانگریس کے سابق صدر اور کیرالہ کے وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی 16 اگست سے اپنے پارلیمانی حلقہ کے تین روزہ دورہ پر ہیں۔ اس دوران وہ مختلف پروگرام میں شامل ہوئے اور 18 اگست کو بھی کئی پروگرام پہلے سے طے شدہ ہیں۔ آج راہل گاندھی کیرالہ کے ملپورم واقع ضعیفوں کے ایک آشرم میں پہنچے جہاں انھوں نے ضعیف خواتین کے ساتھ ان کی طرز زندگی کے بارے میں بات چیت کی۔ راہل گاندھی نے آشرم میں کچھ ضعیف خواتین کے ساتھ یہاں کے روایتی کھانا ’اونا سادیا‘ کا مزہ بھی چکھا۔ انھوں نے کیلے کے پتّے پر روایتی انداز میں اونا سادیا کھایا۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ اونا سادیا کیرالہ میں بہت مشہور ہے اور عموماً اونم کے موقع پر کشتیوں کی دوڑ کے بعد کھایا جاتا ہے۔

جہاں تک اونا سادیا کے معنی کا سوال ہے، تو اسے کیرالہ کا ’دعوتِ عظیم‘ کہا جاتا ہے۔ ملیالم زبان میں اس کا مطلب دعوت ہوتا ہے۔ سادیا کو کیرالہ کے تہواروں کے علاوہ یہاں کے روایتی انعقادوں میں بھی پیش کیا جاتا ہے۔ اس میں کیلے کے پتّے پر 24 سے 28 طرح کے پکوان پروسے جاتے ہیں۔


بہر حال، اپنے کیرالہ دورہ میں راہل گاندھی نے کئی ہونہار طلبا سے ملاقات بھی کی۔ ضلع ملپورم کے اڈوانا واقع پی ایس آڈیٹوریم میں ایک تقریب میں بھی انھوں نے شرکت کی جہاں پلس ٹو میں 100 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنے والے طلبا کو انھوں نے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کیا ہے جس میں انھوں نے کامن لاء ایڈمیشن ٹیسٹ (سی ایل اے ٹی) پاس کرنے والے طبا سے ملاقات کو دکھایا ہے بتایا ہے کہ ان میں بیشتر کا تعلق کٹونیاکان ٹرائبل گروپ سے ہے۔ ویڈیو میں طلبا یہ بتاتی ہوئی دیکھی جا رہی ہیں کہ کچھ نے یہ امتحان پہلی کوشش میں ہی پاس کیا ہے۔ راہل گاندھی ویڈیو میں انھیں مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اس بات کو لے کر پرامید ہیں کہ آنے والے دنوں میں ملک بہتر ہاتھوں میں رہنے والا ہے۔ اس ویڈیو کے ساتھ راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’مستقبل ان نوجوانوں کا ہے۔ میں کسی کے نفرت انگیز ایجنڈے کو ان نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ نہیں کرنے دوں گا۔ آئیے مل کر اتحاد، ترقی اور انصاف کی راہ پر چلیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔