راہل گاندھی سمیت اپوزیشن کے کئی لیڈران کا سری نگر دورہ آج، گورنر نے کیا منع

کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی سمیت اپوزیشن پارٹیوں کے کئی لیڈر ہفتہ کے روز سری نگر جائیں گے۔ سبھی وہاں حالات کا جائزہ لیں گے۔ اس دوران وہ مقامی لوگوں سے بات بھی کریں گے۔

کانگریس صدر راہل گاندھی
کانگریس صدر راہل گاندھی
user

قومی آوازبیورو

راہل گاندھی اپوزیشن پارٹی لیڈروں کے ایک نمائندہ وفد کے ساتھ ہفتہ کو سری نگر کا دورہ کریں گے۔ نمائندہ وفد میں راہل گاندھی کے ساتھ کانگریس کے غلام نبی آزاد، آنند شرما، کے سی وینو گوپال، سی پی آئی جنرل سکریٹری ڈی راجہ، سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری، ٹی ایم سی کے دنیش ترویدی، ڈی ایم کے لیڈر ٹی شیوا، این سی پی کے ماجد میمن، جے ڈی ایس کے کپیندر ریڈی اور آر جے ڈی کے منوج جھا سمیت کئی لیڈر شامل رہیں گے۔ جموں و کشمیر تشکیل نو بل پاس ہونے اور دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد کشمیر جانے والا اپوزیشن پارٹیوں کا یہ پہلا وفد ہوگا۔

سری نگر کے اپنے دور پر راہل گاندھی سمیت سبھی اپوزیشن لیڈر وہاں کے حالات کا جائزہ لیں گے اور وہاں کے لیڈروں کے علاوہ مقامی لوگوں سے ملاقات کریں گے۔ حالانکہ اپوزیشن پارٹی لیڈروں کے اس دورہ کی خبر ملتے ہی جموں و کشمیر انتظامیہ نے ایک بیان جاری کر ان لیڈروں کو نہیں آنے کے لیے کہا ہے۔ انتظامیہ نے کہا کہ اپوزیشن کے لیڈروں کے آنے سے علاقے کا ماحول خراب ہو سکتا ہے۔ اتنا ہی نہیں، انتظامیہ نے یہ بھی پہلے سے ہی طے کر لیا کہ اپنے دورہ پر اپوزیشن لیڈر یقینی طور پر ان پابندیوں کی خلاف ورزی کریں گے جو وہاں کے علاقوں میں اب بھی نافذ ہیں۔


غور طلب ہے کہ اس سے پہلے کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد دو بار کشمیر جانے کی کوشش کر چکے ہیں۔ لیکن دونوں ہی بار وہاں کی انتظامیہ نے انھیں جبراً ائیر پورٹ سے واپس لوٹا دیا۔ انھیں پہلی بار سری نگر ائیر پورٹ اور دوسری بار جموں ائیر پورٹ سے واپس دہلی لوٹا دیا گیا تھا۔ آزاد کے علاوہ ڈی راجہ اور سیتا رام یچوری کو بھی سری نگر ائیر پورٹ سے واپس لوٹا دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ تقریباً 20 دن سے وادی میں جاری پابندیوں کے سبب وہاں کے لوگوں کے حالات کے بارے میں بقیہ ہندوستان کو کوئی جانکاری نہیں ہے۔ وادی میں فون، موبائل، انٹرنیٹ پر پابندی کے ساتھ ہی کرفیو جیسی دفعہ 144 نافذ ہے۔ وہاں کے اپوزیشن کے تقریباً سبھی لیڈروں کو سیکورٹی فورسز نے یا تو گرفتار کر لیا ہے یا نظر بند کر رکھا ہے۔ اس سبب سے سری نگر اور وادی کے دور دراز کے علاقوں کی کہیں کوئی خبر نہیں ہے۔ ایسے میں اپوزیشن حکومت سے لگاتار وہاں لگی پابندیوں کو ہٹانے اور اپوزیشن لیڈروں کو وہاں جانے دینے کا مطالبہ کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔