ٹیچر کی پٹائی سے طالب علم کی موت کے معاملے میں جلد انصاف یقینی بنایا جائے گا: گہلوت

اشوک گہلوت نے کہا کہ ملزم ٹیچر کے خلاف قتل اور درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔

اشوک گہلوت، تصویر آئی اے این ایس
اشوک گہلوت، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جے پور: راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے جالور کے سائلا تھانہ علاقے کے ایک پرائیویٹ اسکول میں ٹیچر کی پٹائی کی وجہ سے ایک طالب علم کی موت کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جلد از جلد متاثرہ کے خاندان کے لئے انصاف یقینی بنایا جائے گا۔ اشوک گہلوت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ سے مرنے والوں کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملزم ٹیچر کے خلاف قتل اور درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ کیس کی تیز رفتار تحقیقات اور قصورواروں کو جلد سزا دلانے کے لیے کیس آفیسر اسکیم کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔ متاثرہ خاندان کو جلد از جلد انصاف فراہم کیا جائے گا۔


دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر ڈاکٹر ستیش پونیا نے کہا کہ متاثرہ خاندان کی مدد کرتے ہوئے مجرموں کے خلاف فوری کارروائی کی جانی چاہیے۔ ڈاکٹر پونیا نے کہا ’’جالور ضلع میں نو سالہ طالب علم اندر میگھوال کی کیا غلطی تھی کہ اس کی پٹائی کرکے گہرے زخم دیئے، جس سے اس ک موت ہوگئی۔ اس کا ذمہ دار کون ہے؟ وزیر اعلیٰ آپ کے دور حکومت میں محروم طبقے کا طالب علم محفوظ نہیں ہیں۔

سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے نے کہا کہ جالور میں معصوم اندرا کا قتل انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ ملک کو آزادی ہوئے 75 سال ہونے کے باوجود کچھ لوگوں کی ذہنیت اب بھی نہیں بدلی ہے۔ راجے نے کہا، ’’میں راجستھان کو شرمندہ کرنے والے اس واقعہ کے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرکے جلد از جلد اندرا کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتی ہوں۔‘‘


سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ نے کہا کہ جالور کے ایک پرائیویٹ اسکول میں ٹیچر کے ہاتھوں ایک طالب علم کی موت افسوسناک واقعہ ہے۔ اس اندوہناک واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ہمیں معاشرے میں پھیلی ان برائیوں کو ختم کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ 20 جولائی کو جالور ضلع کے سائلا تھانہ علاقے کے گاؤں سورانا کے ایک پرائیویٹ اسکول میں اندرا میگھوال نامی ایک طالب علم کی پٹائی اس وقت کی جب وہ اسکول میں ٹیچر کے برتن سے پانی پی رہا تھا۔ بچے کی حالت نازک ہونے پر اسے علاج کے لیے احمد آباد لے جایا گیا جہاں ہفتہ کو اس کی موت ہو گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */