قومی آواز بلیٹن: دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 6 لاکھ، سعودی عرب میں 1100 سے زیادہ

قومی آواز بلیٹن میں پیش خدمت ہیں آج کی اہم خبریں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پوری دنیا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 6 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے اور اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 27 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ ہندوستان میں اس کے مریضوں کی تعداد 944 ہو گئی ہے جبکہ پاکستان میں یہ تعداد 1408 ہے۔ ادھر اٹلی میں اس وبائی وائرس سے ابھی تک 9134، ایران میں 2517 اور امریکہ میں جہاں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے اوپر ہے وہیں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1704 ہے۔

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں 92 نئے کیسوں کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 1104 ہوگئی ہے جبکہ تین مریض ہلاک ہوئے ہیں۔

’غریب طبقہ بحران کا شکار، وزیر داخلہ خاموش‘

پورے ملک میں لاک ڈاؤن ہے اور اس کے باوجود دہلی و اس سے ملحق کئی مقامات پر سینکڑوں لوگ اور کئی مقامات پر ہزاروں لوگوں کی بھیڑ جمع ہے۔ یہ بھیڑ زیادہ تر دہاڑی مزدوروں اور غریب طبقہ کے لوگوں کی ہے جو اچانک لاک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے اپنے گھر نہیں جا پائے ہیں اور اب کسی بھی طرح وہ اپنے آبائی وطن پہنچنا چاہتے ہیں۔

راہل گاندھی نے ان حالات پر ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ "آج ہمارے سینکڑوں بھائی، بہنوں کو بھوکے پیاسے فیملی کے ساتھ اپنے گاؤں کی جانب پیدل جانا پڑ رہا ہے۔ اس مشکل راستے پر آپ میں سے جو بھی انھیں کھانا، پانی، آسرا، سہارا دے سکے، برائے کرم دیں۔ کانگریس کارکنان، لیڈران سے مدد کی خاص اپیل کرتا ہوں۔‘‘

کانگریس کے سینئر رہنما کپل سبل نے بھی اس صورتحال پر کہا کہ ملک میں ایک غیر متوقع ’لاک ڈاؤن‘ جاری ہے، جس کی وجہ سے کئی ریاستوں میں کام کرنے والے افراد جد و جہد کر رہے ہیں اور ایسی صورتحال میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر خاموشی طاری ہے۔


ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر نے کورونا کو دی شکست

پوری دنیا میں کورونا وائرس کے قہر کے درمیان کئی ایسے لوگ بھی ہیں جنھوں نے اس وائرس کو شکست دے کر ایک نئی زندگی حاصل کی ہے۔ ان افراد میں سے ہی ایک ہیں ارجنٹائنا کے اسٹار فٹبالر پاؤلو دیبالا۔ انھوں نے کورونا پر فتح حاصل کرنے کے بعد لوگوں کے سامنے اپنی تکلیف دہ اور مشکل وقت کی داستان بیان کی ہے۔ پاؤلو دیبالا گزشتہ کچھ دنوں کو اپنی زندگی کے لیے ایک برا خواب بتاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ "کچھ دن پہلے میں بہت مشکل میں تھا۔ ہر 5 منٹ میں سانس پھولنے لگتی تھی اور پٹھوں میں سختی آ جاتی تھی۔ ہم بالکل بے بس ہو گئے تھے۔" دیبالا نے مزید کہا کہ "خطرناک انفیکشن کے بعد اب میں بہتر محسوس کر رہا ہوں۔ کچھ دن جو گزرے، وہ میرے لیے برے خواب کی طرح تھے۔ میں بہت بھاری محسوس کر رہا تھا۔ ہر 5 منٹ میں کچھ چلنے کے بعد رک جاتا تھا کیونکہ میری سانس پھولنے لگتی تھی۔ میں سانس لینے کے لیے مشقت کرتا تھا اور ہانپتا رہتا تھا۔"

اٹلی میں کورونا پازیٹو مریضوں کا علاج کر رہے 51 ڈاکٹروں کی موت

کورونا وائرس نے اٹلی میں اپنا قہر سب سے زیادہ برپا کر رکھا ہے۔ اٹلی میں مہلوکین کی تعداد چین سے بہت زیادہ ہو چکی ہے اور متاثرین کی تعداد بھی یہاں اتنی زیادہ ہے کہ ڈاکٹروں کو علاج کرنے میں کافی مشقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس درمیان ایک دل دہلانے والی خبر سامنے آئی ہے کہ کورونا پازیٹو مریضوں کا علاج کر رہے کئی ڈاکٹرس خود اس وائرس کی زد میں آگئے ہیں اور جمعہ کی شام تک 51 ڈاکٹروں کی موت بھی اس وائرس کی وجہ سے ہو چکی ہے۔ اٹلی کے ڈاکٹرس ایسو سی ایشن نے جمعہ کی شام اس سلسلے میں میڈیا کو جانکاری دی۔


کورونا متاثرہ شخص قریب آیا تو ملے گا الرٹ

کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ایک ایپ تیار کیا گیا ہے جو لوگوں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ اس کورونا وائرس ٹریکر ایپ کو 'کورونا کوَچ' (Corona Kavach) نام دیا گیا ہے۔ لوگوں کے تحفظ کے لیے بنائے گئے اس ایپ سے کورونا کے تعلق سے ضروری جانکاری حاصل کی جا سکتی ہے اور اس کے اثرات کا پتہ بھی لگایا جا سکتا ہے۔

کورونا کے بارے میں سوچنا بند کیجیے!

چین سے پوری دنیا میں پھیلے کورونا وائرس کو شکست دینے کے لیے سبھی ممالک کے ساتھ ساتھ ہندوستان بھی اپنی پوری طاقت لگا رہا ہے۔ ایسے میں اپنے دل و دماغ پر کورونا کے خوف کو قطعی حاوی نہ ہونے دیں۔ ہر وقت کورونا کے بارے میں سوچنے سے آپ بے وجہ ایک الگ بیماری میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔ آپ بے وجہ ذہنی تناؤ کا شکار ہو سکتے ہیں جو کہ کورونا سے کم خطرناک ثابت نہیں ہوگا۔ ریاستی نوڈل افسر (ذہنی امراض) ڈاکٹر سنیل پانڈے کا کہنا ہے کہ ہم جس موضوع پر بہت زیادہ دیر تک سوچتے ہیں وہ ہم پر حاوی ہو جاتا ہے۔ ایسے میں اس کا نفع و نقصان نظر آنے لگتا ہے جو کہ کسی کے لیے بھی خطرناک ہو سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */