پلوامہ حملہ: احمد آباد میں شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے دوران پتھراؤ اور آگ زنی

احمدآباد کے شاه پور علاقے میں گزشتہ شام پلوامہ دہشت گردانہ حملے میں شہید ہوئے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ریلی نکالی جا رہی تھی، اسی دوران ریلی پر کسی نے پتھر پھینک دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پلوامہ دہشت گردانہ حملے میں شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے گجرات کے احمد آباد کے شاه پور علاقے میں نکالے گئے غم مارچ کے دوران ہنگامہ ہو گیا، نیوز پورٹل 'دی كوئنٹ' کی خبر کے مطابق گزشتہ رات نکالے گئے ’غم مارچ‘ کے دوران پتھراؤ ہو گیا، اس دوران شرپسند عناصروں نے ایک گاڑی کو آگ کے حوالے کر دیا، حالات کو قابو میں کرنے کے لیے پولس کو آنسو گیس کے گولے داغنے پڑے۔

ایک پولس افسر کے مطابق شاه پور کے دلّی چکلا اور ناگوری واڑی علاقے کے درمیان ہفتے کی شام پلوامہ دہشت گردانہ حملے میں شہید ہوئے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ریلی نکالی جا رہی تھی، اسی دوران کسی نے ریلی پر پتھر پھینک دیا، اس کے بعد دو دھڑوں میں پتھراؤ شروع ہو گیا، پتھراؤ کے دوران لوگ ادھر ادھر بھاگنے لگے، اس دوران شرپسندوں نے ایک گاڑی کو آگ کے حوالے کر دیا۔

پولس افسر نے بتایا کہ ’’حالات کو قابو میں کرنے کے لئے علاقوں میں فوج تعینات کرنی پڑی، اب تک اس معاملے میں 15-20 لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے، باقی کے لوگوں کی تلاش کی جا رہی ہے، ساتھ ہی ملزمان کی شناخت کے لئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی مدد لی جا رہی ہے‘‘۔

پلوامہ حملے کے بعد تاجر تنظیموں نے احمد آباد شہر میں بند کا اعلان بھی کیا ہے، پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد پورے ملک میں احتجاجی مظاہروں کا دور جاری ہے، ہر جگہ مظاہرے کیے جا رہے ہیں اور پاکستان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

غور طلب ہے کہ گزشتہ جمعرات کو پلوامہ کے جموں سرینگر شاہراہ پر ہوئے دہشت گردانہ حملے میں سی آر پی ایف کے 49 جوان شہید ہو گئے تھے، اس حملے کی ذمہ داری پاکستانی دہشت گرد تنظیم جیش محمد نے لی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔