کسان تحریک LIVE: دہلی میں واقع پنجاب بھون میں کُل جماعتی میٹنگ، وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ کی شرکت

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

02 Feb 2021, 4:18 PM

دہلی میں واقع پنجاب بھون میں کُل جماعتی میٹنگ، وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ کی شرکت

دہلی میں واقع پنجاب بھون میں کسانوں اور زرعی قوانین کے مسئلہ پر ایک کُل جماعتی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اس اجلاس میں وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ شریک ہیں، جہاں کسان تحریک کے حوالہ سے گفت و شنید کی جا رہی ہے۔

کل جماعتی اجلاس کے دوران ’دہلی میں اسپانسرڈ تشدد‘ کی مذمت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ کُل جماعتی وفد وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرے گا اور کسانوں کی تحریک سمیت کئی مسائل کو اٹھائے گا۔

02 Feb 2021, 3:00 PM

کسانوں نے سڑک کو بلاک نہیں کیا، بیریکیڈس نے بلاک کیا ہے: راکیش ٹکیت

کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے دہلی بارڈرس پر ٹریفک بلاک ہونے سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ سڑکوں کو کسانوں نے بلاک نہیں کیا ہے، بلکہ پولس نے جو بیریکیڈس لگائے ہیں، اس کی وجہ سے ٹریفک بلاک ہوا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ اگر اپوزیشن لیڈران کسان تحریک کی حمایت میں سامنے آتے ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں، لیکن اس تعلق سے کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

02 Feb 2021, 2:10 PM

ٹریکٹر پریڈ کے دوران تشدد کو لے کر دہلی ہائی کورٹ میں سماعت ملتوی

یوم جمہوریہ پر ٹریکٹر پریڈ کے دوران ہوئے تشدد کے تعلق سے دہلی ہائی کورٹ میں منگل کے روز سماعت ہونی تھی، لیکن عرضی دہندہ کے وکیل سماعت کا وقت شروع ہونے کے دس منٹ بعد تک نہیں پہنچ سکے۔ اس وجہ سے عدالت نے سماعت کے لیے اگلی تاریخ 4 فروری طے کی ہے۔


02 Feb 2021, 1:08 PM

کسان ملک کا پیٹ بھرنے کے لیے فصلیں روپتا ہے، حکومت کسانوں کو روکنے کے لیے کیلیں روپ رہی ہے: کانگریس

دہلی بارڈرس پر کسانوں کو پہنچنے سے روکنے کے لیے سڑکوں پر کیلیں لگا دی گئی ہیں جس پر کانگریس نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’کسان ملک کا پیٹ پالنے کے لیے فصلیں روپتا ہے، اور... جھوٹی کسان حامی حکومت اسے دہلی آنے سے روکنے کے لیے کیلیں روپ رہی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا کہ ’’مودی/شاہ کا نیو انڈیا یہی تو ہے؟‘‘

02 Feb 2021, 12:24 PM

کسانوں کے تعلق سے پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے کی کل جماعتی میٹنگ

پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امرندر سنگھ نے آج پنجاب بھون میں کل جماعتی میٹنگ کی جس میں زرعی قوانین کے تعلق سے چل رہی کسان تحریک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے زرعی قوانین کو کسان مخالف قرار دیتے ہوئے مظاہرین کسان کی ہر ممکن مدد کا عزم ظاہر کیا ہے۔


02 Feb 2021, 11:19 AM

پرینکا گاندھی نے ویڈیو ٹوئٹ کر پی ایم مودی کو بنایا تنقید کا نشانہ

دہلی بارڈرس پر کسانوں کی جاری تحریک کے درمیان پولس کی سیکورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔ مظاہرے کے مقام پر مزید کسان نہ پہنچ سکیں، اس کے لیے بھی تیاریاں کی گئی ہیں اور سڑکوں پر کیلیں لگانے کے ساتھ ساتھ اور بیریکیڈ بھی لگائے گئے ہیں۔ اس تعلق سے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے ایک ویڈیو ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’وزیر اعظم جی، اپنے کسانوں سے ہی جنگ؟‘‘

02 Feb 2021, 10:28 AM

سڑکوں پر نکیلے اور کٹیلے تار لگانے کی تصویر شیئر کر راہل گاندھی نے اٹھائے سوال

دہلی کی سرحدوں پر زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک جاری ہے۔ اس درمیان پولس انتظامیہ کی جانب سے غازی پور بارڈر پر کسانوں کو روکنے کے لیے نکیلی اور کٹیلی تاریں لگائی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ راہل گاندھی نے بیریکیڈس، نکیلے اور کٹیلے تاروں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ ’’حکومت ہند... پلوں کی تعمیر کریں، دیواروں کی نہیں۔‘‘


02 Feb 2021, 9:38 AM

دہلی بارڈر پر آج رات 11 بجے تک انٹرنیٹ خدمات بند کرنے کا فیصلہ

کسان تحریک کے درمیان دہلی بارڈرس پر پولس سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ اس درمیان مرکزی وزیر داخلہ نے دہلی بارڈرس پر انٹرنیٹ خدمات بند کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق آج رات 11 بجے تک انٹرنیٹ خدمات بند رہیں گی۔

02 Feb 2021, 9:01 AM

کسانوں سے ملاقات کے لیے شیوسینا لیڈر سنجے راؤت پہنچیں گے غازی پور بارڈر

دہلی بارڈرس پر کسانوں کی تحریک زرعی قوانین کے خلاف جاری ہے۔ اس درمیان خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ شیوسینا لیڈر سنجے راؤت کسان مظاہرین سے ملاقات کے لیے آج غازی پور بارڈر پہنچنے والے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ سنجے راؤت نے کسان تحریک کی حمایت میں کئی بیان دے چکے ہیں اور زرعی قوانین کو لے کر مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔