’پروفیسر حنیف کیفی نے نظم معرا، آزاد نظم اور سانیٹ کے حوالے سے نہایت عمدہ کام کیا‘

پروفیسر شہپر رسول نے حنیف کیفی کی زندگی، شخصیت اور کارناموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بحیثیت استاد، اسکالر اور شاعر بہت اہم تھے۔

حنیف کیفی کی فائل تصویر (بذریعہ فیس بک)
حنیف کیفی کی فائل تصویر (بذریعہ فیس بک)
user

یو این آئی

نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق صدر شعبہ اردو پروفیسر حنیف کیفی کے انتقال پر تعزیت اور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جامعہ کے صدر شعبہ اردو پروفیسر شہزاد انجم نے کہا کہ انہوں نے نظم معرا، آزاد نظم اور سانیٹ کے حوالے سے نہایت عمدہ کام کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے پروفیسر حنیف کیفی کی رحلت پر شعبہ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی میں منعقدہ تعزیتی جلسے میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ شاید ہی ان کے ہم عصروں میں کوئی بڑا ادیب و ناقد ہوگا جس نے حنیف کیفی کے فن اور خدمات پر نہ لکھا ہو۔

پروفیسر شہپر رسول نے حنیف کیفی کی زندگی، شخصیت اور کارناموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بحیثیت استاد، اسکالر اور شاعر بہت اہم تھے۔ پروفیسر احمد محفوظ نے مشفقانہ اور سرپرستانہ رویہ، خاموش مزاجی اور گہرے علمی شغف کے حوالے سے حنیف کیفی کو یاد کیا۔ پروفیسر کوثر مظہری نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حنیف کیفی کا علمی انہماک ان کی ہر کتاب سے نمایاں ہوتا ہے۔ وہ سرسری کبھی نہیں لکھتے تھے۔


انھوں نے جو کچھ لکھا بہت ٹھوس لکھا۔ پروفیسر خالد جاوید نے ان سے اپنی ہم وطنی، محبت و شفقت اور خوش خلقی کا تذکرہ کرتے ہوئے تعزیت کی۔ پروفیسر ندیم احمد نے بتایا کہ انھوں نے حنیف کیفی سے پی ایچ ڈی کے دوران استفادہ کیا تھا۔ ڈاکٹر عمران احمد عندلیب نے کہا کہ علی گڑھ میں جامعہ کے جن اساتذہ کا ذکر احترام سے کیا جاتا تھا ان میں حنیف کیفی بھی شامل تھے۔ ڈاکٹر سرورالہدیٰ نے ان کی تصانیف کو تحقیق کا اعلیٰ نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ایک مضمون ”غالب اور یگانہ“ کا نقش آج تک میرے ذہن پر قائم ہے۔

ڈاکٹر خالد مبشر نے کہا کہ جدید نظم کے حوالے سے ان کا گراں قدر کارنامہ شعبہ اردو کے لیے قابلِ فخر ہے۔ ڈاکٹر عادل حیات نے شعبے کی جانب سے تعزیتی قرارداد پیش کرتے ہوئے حنیف کیفی کی سوانحی سرگزشت اور علمی و ادبی خدمات کا ذکر کیا۔ حاضرین میں پروفیسر عبدالرشید، ڈاکٹر سید تنویر حسین، ڈاکٹر مشیر احمد، ڈاکٹر محمد مقیم، ڈاکٹر جاوید حسن، ڈاکٹر ثاقب عمران اور ڈاکٹر روبینہ شاہین زبیری نے بھی حنیف کیفی کے سانحہ ارتحال پر گہرے رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور پس ماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Jan 2021, 6:11 PM