پریاس اسکیم: ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے وقت ہاتھوں ہاتھ پنشن کا فائدہ حاصل

اے ای پی ایف او دہلی ویسٹ نے گزشتہ سال نومبر اور دسمبر میں بھی پریاس کے تحت ریٹائر ہونے والے تمام ملازمین کو ہاتھوں ہاتھ پینشن مہیا کرائی تھی۔

علامتی تصویر / بشکریہ ٹوئٹر / @EPFOLudhiana
علامتی تصویر / بشکریہ ٹوئٹر / @EPFOLudhiana
user

یو این آئی

نئی دہلی: ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) کے ذریعہ اختیار کی جانے والی 'پریاس' اسکیم کے تحت ریٹائرمنٹ کے وقت ہی یہاں پانچ ملازمین کو پنشن کا فائدہ دیا گیا۔ ای پی ایف او دہلی ویسٹرن ریجن کے ریجنل پی ایف کمشنر۔ II (پنشن) رنویر کمار سنگھ نے آج بتایا کہ جنوری کے آخری کام کے دن ریٹائر ہونے والے پانچ ملازمین کو ہاتھوں ہاتھ پنشن کا فائدہ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ای پی ایف او دہلی ویسٹ کے ریجنل کمشنر اتم پرکاش کی زیر صدارت ایک آن لائن تقریب میں 'پریاس' پروگرام کے تحت ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے دن پنشن ادائیگی کے احکامات تقسیم کیے گئے۔ اس میں گیل، ای آئی ایل اور ارکون کے ریٹائر ہونے والے ملازمین شامل ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے پیش نظر احتیاطاً اس اسکیم کے مستفید افراد کو ویبینار کے ذریعہ پینشن سے متعلق تمام اطلاعات اور کاغذات دستیاب کرائے گئے۔ پریاس حکومت کی وہ اسکیم ہے جس کے تحت ای پی ایف او اپنے اکاؤنٹ ہولڈرز کو ان کی خدمت کے آخری کاروباری دن پنشن مہیا کرتا ہے اس سے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو پنشن فکسنگ کے دوران مختلف کاغذات وغیرہ کی وجہ سے ہونے والی دوڑدھوپ سے نجات مل جاتی ہے۔ اے ای پی ایف او دہلی ویسٹ نے گزشتہ سال نومبر اور دسمبر میں بھی پریاس کے تحت ریٹائر ہونے والے تمام ملازمین کو ہاتھوں ہاتھ پینشن مہیا کرائی تھی۔


انہوں نے کہا کہ پہلے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کے لئے وقت لگ جاتا تھا لیکن اب پریاس مہم کے ذریعہ ریٹائرڈ ملازمین کو جلد ہی پنشن مہیا ہونے لگی ہے۔ حکومت کا یہ ایک اچھا اقدام ہے جس سے لوگوں کو فائدہ ہو رہا ہے اور ملازمین سے مثبت فیڈبیک مل رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔