’پرینکا گاندھی کی سرگرم سیاست میں آمد کانگریس میں نئی جان پھونکے گی‘

لوگوں کا کہنا ہے ’’ہم نے پرینکا گاندھی کو امیٹھی اور رائے بریلی میں تشہیر کرتے ہوئے دیکھا ہے، وہ جس طرح عام لوگوں کے ساتھ گفتگو کرتی ہیں، وہ انداز دل میں اتر جاتا ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس پارٹی کارکنان کو جس لمحہ کا انتظار تھا آخر وہ آہی گیا اور کانگریس پارٹی کی طرف سے پرینکا گاندھی کے سرگرم سیاست میں آنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ کافی وقت سے اتر پردیش میں کانگریس کی مقبولیت حاشیہ پر چل رہی ہے ایسے میں کانگریس کارکنان ہی نہیں بلکہ عام لوگوں کی بھی رائے یہی تھی کہ اگر کانگریس کو اتر پردیش میں اپنی مقبولیت دوبارہ حاصل کرنی ہے تو اسے پرینکا گاندھی کو سیاسی میدان میں اتار دینا چاہیے۔ دراصل لوگوں کو پرینکا گاندھی میں ان کی دادی اور ہردل عزیز سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی جھلک نظر آتی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ پرینکا گاندھی کے بولنے کا انداز اور فیصلہ لینے کی صلاحیت ہوبہو اندرا گاندھی سے میل کھاتی ہے اور اگر وہ سیاسی میدان میں اتر جائیں تو مخالفین کے چھکے چھڑا سکتی ہیں۔

دہلی ریاستی کانگریس کے سکریٹری اور سپریم کورٹ کے وکیل سرفراز احمد صدیقی نے پرینکا گاندھی واڈرا کو کانگریس کی جنرل سکریٹری اور مشرقی اترپردیش کا انچارج بنائے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کانگریسی صدر راہل گاندھی کا یہ فیصلہ جہاں اترپردیش کانگریس میں نئی جان پھونکے گا وہیں اسے نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان اوررہنما طویل عرصہ سے پرینکا گاندھی کی کانگریس میں سرگرم سیاست کے لئے انتظار کررہے تھے اور ان کی سرگرم سیاست میں نہ آنے کی وجہ سے اترپردیش میں کانگریس کو نقصان بھی ہورہا تھا لیکن کانگریس صدر کے اس فیصلے سے نہ صرف اترپردیش کانگریس میں نئی جان پیدا ہوگی بلکہ اس کا اثر پورے ملک میں کانگریس پارٹی پر پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ پرینکا جہاں نہرو گاندھی خاندان کی چشم و چراغ ہیں وہیں انہوں نے متعدد لوک سبھا انتخابات اپنی سیاسی سوچ، سیاست قیادت اور عام آدمی کو پارٹی سے کیسے جوڑا جاتا ہے اس کا ثبوت پیش کرچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرینکا نے امیٹھی اور رائے بریلی میں کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی اور موجودہ صدر راہل گاندھی کو الیکشن لڑوا چکی ہیں اور جہاں دونوں کو جیت حاصل ہوئی ہے۔

دونوں جگہ پرینکا نے انتخابی مہم چلاکر حریف کو ناکوں چنے چپوا دیئے تھے۔ اس سے ان کی سیاسی سمجھداری اور ویژن کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

پرینکا گاندھی کے سیاسی سفر کا آغاز کرنے پر مغربی اتر پردیش میں بھی لوگوں میں جوش نظر آ رہا ہے۔ مظفرنگر ضلع کے قصبہ میرانپور میں کلینک چلانے والے ڈاکٹر آس محمد نے کہا، ’’پرینکا گاندھی کی تقرری کانگریس میں نئی توانائی پیدا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے آنے سے نوجوان ہی نہیں بلکہ بزرگ طبقہ بھی کانگریس کے ساتھ منسلک ہوگا کیونکہ پرینکا گاندھی اپنی دادی اندرا گاندھی کی طرح بولتی ہیں اور فیصلے لیتی ہیں۔‘‘

میرانپور کے ہی رہائشی ڈرائیور محمد حنیف بھی پرینکا گاندھی کے سیاسی میدان میں آنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان کے کانگریس میں آنے سے مہا گٹھ بندھن پر بھی اثر پڑے گا اور جو لوگ کانگریس چھوڑ کر چلے گئے ہیں وہ بھی واپس آجائیں گے۔ انہوں نے کہا، ’’دراصل ابھی تک کانگریس کو فیصلہ لینے میں کمزور قرار دیا جاتا ہے لیکن پرینکا گاندھی ایسی نہیں ہیں۔ وہ توانائی کے ساتھ کام کرتی ہیں۔ امیٹھی اور رائے بریلی میں ان کی تشہیر ہم نے دیکھی ہے۔ وہ جس طرح عام لوگوں کے ساتھ گفتگو کرتی ہیں، وہ انداز دل میں اتر جاتا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔