پرینکا گاندھی نے وزیر اعلیٰ یوگی کو لکھا خط، دیے کئی نیک مشورے

اپنے خط میں پرینکا گاندھی نے یوگی آدتیہ ناتھ کو کئی نیک مشورے دیے اور سب سے زیادہ اس بات پر فوکس کیا کہ کسانوں کو درپیش مسائل کا حل جلد از جلد نکلنا چاہیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کورونا وائرس کے بڑھتے انفیکشن کے درمیان زرعی مزدوروں اور غربت و افلاس کی زندگی گزار رہے لوگوں کی تکلیفوں کو سامنے رکھتے ہوئے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو ایک خط لکھا ہے۔ اس خط میں پرینکا گاندھی نے گزارش کی ہے کہ ریاست کے کسانوں، مزدوروں اور چھوٹی صنعتوں کو فوری راحت اور مالی مدد دی جائے کیونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا مشکل حالات کا منفی اثر ان پر بہت زیادہ پڑا ہے۔

16 اپریل کو تحریر کردہ اپنے خط میں پرینکا گاندھی نے یوگی آدتیہ ناتھ کے سامنے 6 پوائنٹس میں اپنی بات رکھی ہے۔ ان 6 پوائنٹس میں انھوں نے کئی نیک مشورے یوگی آدتیہ ناتھ کو دیے اور سب سے زیادہ اس بات پر فوکس کیا کہ کسانوں کو درپیش مسائل کا حل جلد از جلد نکلنا چاہیے کیونکہ یہ وقت فصل کی کٹائی کا ہے۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ کسانوں کی فصل کٹائی میں مدد کے ساتھ ان کی پیداوار کی خرید بھی یقینی کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں کوئی بہتر قدم اٹھایا جانا چاہیے۔


خط میں پرینکا گاندھی نے لکھا ہے کہ کورونا وبا نے زیادہ تر شعبوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ ہر طبقہ اس وبا اور اس کے منفی اثرات سے پریشان ہے۔ کورونا کی وجہ سے کئی ایسے معاشی و سماجی سطح کے ایشوز ہیں جن پر فوراً دھیان دینے سے عوام کو بہت راحت ملے گی۔ انھوں نے کسانوں کے مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں یو پی کے کسانوں پر ژالہ باری اور بے موسم بارش کی آفت نے بھی قہر ڈھایا۔ یو پی حکومت نے معاوضہ دینے کا اعلان کیا تھا، لیکن ابھی تک کسانوں کو یہ معاوضہ نہیں مل سکا ہے۔ فوری طور پر اس معاوضہ کو جاری کیا جانا ضروری ہے تاکہ کسانوں کے مسائل دور ہو سکیں۔


پرینکا گاندھی نے خط میں اتر پردیش کی کئی صنعتوں کا بھی تذکرہ کیا، مثلاً شیشہ صنعت، پیتل صنعت، قالین صنعت، بنکر صنعت، فرنیچر صنعت چمڑا صنعت، ڈیری، مٹی برتن صنعت، فشری-ہیچری صنعت و دیگر گھریلو صنعتوں کے بارے میں لکھا کہ ان سبھی شعبوں میں کورونا وبا کا منفی اثر پڑا ہے اس لیے چھوٹی صنعتوں کی مدد اور ریاست کی معاشی حالت کو پٹری پر لانے کے لیے 'اکونومک ری کنسٹرکشن ورک فورس' تشکیل دی جانی چاہیے۔

پرینکا گاندھی نے وزیر اعلیٰ سے اس بات کی شکایت کی کہ ایسے وقت میں جب مزدوروں کو معاشی مدد کی گارنٹی دیے جانے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں کوئی پیش قدمی نہیں ہوئی۔ کئی جگہ راشن نہ ملنے کی شکایتوں کا بھی تذکرہ اپنے خط میں پرینکا گاندھی نے کیا۔ انھوں نے لکھا کہ بغیر راشن کارڈ والے لوگوں کو بھی راشن دینے کی گارنٹی ملے اور ساتھ ہی راشن میں چاول کے ساتھ ساتھ گیہوں، دال، تیل، نمک اور مسالہ پاؤڈر دیے جانے کو بھی یقینی بنانا ضروری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔