ہاردک پٹیل گرفتار: عوام کے لئے آواز اٹھانے والوں کو پریشان کر رہی بی جے پی، پرینکا گاندھی

ہاردک پٹیل کی گرفتاری پر کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے لئے آواز اٹھانے والے ہاردک پٹیل کو بی جے پی کی طرف سے نشانہ بنایا جا رہا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

احمدآباد: گجرات میں احمدآباد کی ایک عدالت کی جانب سے غیر ضمانتی وارنٹ جاری ہونے کے بعد کانگریس میں شامل ہو چکے پاٹیدار آرکشن آندولن کمیٹی کے سابق کنوینر ہاردک پٹیل کو گزشتہ روز پولس نے گرفتار کر لیا۔ ان کی گرفتاری پر کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے لئے آواز اٹھانے والے ہاردک پٹیل کو بی جے پی کی طرف سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

کانگریس کے جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹویٹ کیا، ’’نوجوانوں کے روزگار اور کسانوں کے حقوق کے لئے لڑنے والے ہاردک پٹیل کو بی جے پی پریشان کررہی ہے۔ ہاردک نے اپنے طبقہ کے لوگوں کو آواز اٹھائی، ان کے لئے نوکریاں طلب کیں، وظائف مانگے۔ کسان تحریک چلائی۔ اس کو بی جے پی ’بغاوت‘ قرار دے رہی ہے۔‘‘


ہاردک پٹیل کو ہفتہ کے روز گجرات کے احمد آباد ضلع کے ویرگرام تعلقہ سے 2015 کے غداری کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ وارنٹ جاری ہونے کے چند گھنٹوں بعد ہی انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ پیشی کے بعد عدالت نے انہیں 24 جنوری تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔

اسسٹنٹ پولس کمشنر راج دیپ جھالا نے یو این آئی کو بتایا کہ ہاردک کو احمدآباد ضلع کے ویارمگام تعلقہ، جو ان کا آبائی علاقہ بھی ہے، کو ہانسل پور چوراہے سے گرفتار کرلیا گیا۔ انہوں نے آج رات کرائم برانچ کی لاک اپ میں رکھا جائے گا اور کل چھٹی کا دن ہونے کی وجہ سے جج کی رہائش گاہ پر پیش کیا جائے گا۔واضح رہے کہ عدالت نے سماعت کے دوران مسلسل غیر حاضری کی وجہ سے وارٹ جاری کیا ہے۔

یہ معاملہ 25 اگست 2015 کو یہاں جی ایم ڈی سی میدان میں ہوئے بڑے پاٹیدار آرکشن حامی ریلی کےبعد پوری ریاست میں توڑپھوڑ اور تشدد کےسلسلے میں یہاں کرائم برانچ نےاسی سال اکتوبر میں معاملہ درج کیا تھا۔ اس میں کئی سرکاری بسیں، پولس چوکیوں اور دیگر سرکاری جائیدادوں میں آگ لگائی گئی تھی اور اس دوران پولس اہلکاروں سمیت درجن بھر لوگ مارے گئے تھے جن میں کئی پولس فائرنگ کے وجہ سے مارےگئےتھے۔ پولس نے چارج شیٹ میں ہاردک اور ان کےحامیوں پر منتخب حکومت کو گرانے کےلئےتشدد پھیلانے کی سازش رچنے کا الزام لگایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔