’اندرا گاندھی کی پوتی ہوں، بی جے پی کی غیر اعلانیہ ترجمان نہیں‘

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ عوامی خدمت گار کے طور پر میری جو ذمہ داری ہے اسے پورا کرتی رہوں گی۔ یو پی حکومت اپنے محکموں کے ذریعہ مجھے فضول کی دھمکیاں دے کر اپنا وقت برباد کر رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے کانپور شیلٹر ہوم میں کئی بچیوں کے کورونا متاثر پائے جانے کے بعد ایک ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔ اس معاملے میں تحفط حقوق اطفال کمیشن کے ذریعہ پرینکا گاندھی کو نوٹس بھیجے جانے کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری نے جمعہ کو ایک ٹوئٹ کر کے طنز کسا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "میں اندرا گاندھی کی پوتی ہوں، کوئی غیر اعلانیہ بی جے پی ترجمان نہیں۔"

پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا ہے کہ "عوامی خدمت گار کے طور پر میری جو ذمہ داری ہے اسے پورا کرتی رہوں گی، اور وہ ذمہ داری ہے سچائی کو عوام کے سامنے رکھنے کی۔ کسی سرکاری پروپیگنڈہ کو آگے رکھنا میرا کام نہیں ہے۔ یو پی حکومت اپنے دیگر محکموں کے ذریعہ مجھے فضول کی دھمکیاں دے کر اپنا وقت برباد کر رہی ہے۔"


اپنے ٹوئٹ میں پرینکا گاندھی آگے لکھتی ہیں کہ "جو بھی کارروائی کرنا چاہتے ہیں، بے شک کریں۔ میں سچائی سامنے رکھتی رہوں گی۔ میں اندرا گاندھی کی پوتی ہوں، کچھ اپوزیشن کے لیڈروں کی طرح بی جے پی کی غیر اعلانیہ ترجمان نہیں۔"


قابل ذکر ہے کہ کانپور کے گرلس شیلٹر ہوم میں 17 سے 19 جون کے درمیان 57 لڑکیاں کورونا پازیٹو ملی تھیں۔ ان میں 5 لڑکیاں حاملہ تھیں اور ایک ایچ آئی وی بھی تھی جب کہ ایک دیگر لڑکی ہپاٹائٹس سے متاثر تھی۔ اس واقعہ کو پرینکا گاندھی نے دیوریا اور مظفر پور شیلٹر ہوم واقعہ سے جوڑ کر کہا تھا کہ معاملہ کی غیر جانبدارانہ جانچ ہونی چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Jun 2020, 3:11 PM