اسمرتی ایرانی پر پرینکا ہوئیں آگ بگولہ، جوتا تقسیم کرنے کو بتایا ’امیٹھی کی بے عزتی‘

پرینکا گاندھی نے ایک نکڑ سبھا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’کچھ باہری لوگ امیٹھی میں جگہ بنانے کے لئے جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں۔ انہیں نہیں معلوم کہ امیٹھی اور رائے بریلی کس کے دل میں بستے ہیں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی پر آج کافی تلخ حملے کیے۔ امیٹھی سے بی جے پی امیدوار اسمرتی ایرانی پر انھوں نے امیٹھی کی عوام کی بے عزتی کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ’’اسمرتی ایرانی نے امیٹھی آ کر یہاں کے لوگوں کو جوتے یہ کہہ کر تقسیم کیے کہ ان کے پاس جوتے نہیں ہیں۔ ایسا کرنا امیٹھی کے لوگوں کی بے عزتی ہے۔‘‘ دراصل پرینکا یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی کے ساتھ دو روزہ دورہ پر امیٹھی پہنچی تھیں اور ایک نکڑ سبھا سے خطاب کرتے ہوئے ان کا لہجہ کافی تیز و تند نظر آیا۔

کانگریس صدر اہل گاندھی کے پار لیمانی حلقے میں نکڑ سبھا کو خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ’’ کچھ باہری لوگ امیٹھی میں جگہ بنانے کے لئے جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں۔ انہیں نہیں معلوم کہ امیٹھی اور رائے بریلی کس کے دل میں بستے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اسمرتی ایرانی یہاں آئیں اور جوتے تقسیم کئے۔ اس عمل کے ذریعہ انہوں نے یہ بتانے کی کوشش کی کہ ان کے پاس جوتے نہیں ہیں۔ وہ سوچ رہی ہیں کہ اپنی اس حرکت سے راہل کی بےعزتی کرر ہی ہیں لیکن انہیں یہ معلوم ہونا چاہئے کہ وہ امیٹھی کی عوام کی بے عزتی کررہی ہیں۔ امیٹھی اور رائے بریلی کی عوام نے کبھی کسی سے بھیک نہیں مانگی۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’امیٹھی کی عوام کسی سے بھیک نہیں مانگے گی اور اگر بھیک مانگنی ہے تو وہ باہری لوگ آ کر آپ سے ووٹوں کی بھیک مانگیں گے۔ آپ نے انھیں بنایا ہے، آپ لوگ خاص ہیں، وہ نہیں۔‘‘

پرینکا گاندھی نے اسمرتی ایرانی کے اس الزام کو بھی جھوٹا بتایا کہ راہل گاندھی امیٹھی کے لوگوں سے ملنے نہیں آتے۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہاں کے لوگوں کو ساری سچائی پتہ ہے۔ عوام یہ بھی جانتی ہے کہ کس کے دل میں امیٹھی ہے اور کس کے دل میں نہیں۔ اسمرتی ایرانی جھوٹ پھیلاتی ہیں کہ راہل یہاں لوگوں کے بیچ نہیں آتے۔ آپ لوگ خود جانتے ہیں کہ راہل گاندھی یہاں کتنا زیادہ آتے ہیں اور لوگوں کے درمیان وقت گزارتے ہیں۔ ایسے جھوٹ پھیلانے والے لوگوں کو آپ کو سبق سکھانا ہے اور انھیں ان کی جگہ دکھانی ہے۔‘‘

امیٹھی کی عوام کے ساتھ اپنے پن کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ ’’میرے خاندان کو پورا احساس ہے کہ وہ سیاست میں جو کچھ ہیں وہ آپ کی بدولت ہے۔ آپ نے تو ہماری کئی پیڑھیاں دیکھی ہیں۔ راجیو گاندھی جب یہاں آتے تھے تو گاؤں گاؤں گھوم کر عوام کے مسائل سے روبرو ہوتے تھے۔ آج کے وزیر اعظم کیا ایسا کرر ہے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ کانگریس کے میعاد کار میں امیٹھی کی ترقی کے لئے جن اسکیموں کی شروعات کی گئی تھی وہ سال 2014 میں نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد بند کردی گئیں۔ ایسا کر کے نریندر مودی نے امیٹھی کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا ہے۔

پرینکا گاندھی نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو بھی ہدف تنقید بنایا۔ انھوں نے کہا کہ مسٹر یوگی کا دلت ہمدری محض دکھاوا ہے۔ انہیں معلوم ہوا ہے کہ مسٹر یوگی جب کسی دلت کے گھر جاتے ہیں تو اس سے پہلے خاندان کے ہر رکن کو ہاتھ پاؤں دھونے پڑتے ہیں۔ بی جے پی لاکھ کوشش کر لے لیکن امیٹھی اور رائے بریلی کی عوام اسے کبھی اپنے دلوں میں جگہ نہیں دیں گے۔

(یو این آئی اِن پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */