پرنسس نیلوفر: حاملہ خواتین کے لئے حیدرآباد میں پہلا اسپتال قائم کروانے والی ’لاولد‘ شہزادی

شہزادی نیلوفر نئے فیصلہ کیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ زچگی کے دوران نامناسب سہولتوں کی کمی یا پیچیدگیوں کے سبب کسی بھی حاملہ خاتون یا اس کے بچہ کی موت نہ ہونے پائے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: شہر حیدرآباد میں بچوں اور ماوں کی نگہداشت کا پہلا جامع نیلوفر اسپتال قائم کرنے والی پرنسس نیلوفر کی آج 103ویں یوم پیدائش ہے۔ نیلوفر اسپتال شہر میں خواتین اور بچوں کی نگہداشت صحت کا پہلا اسپتال ہے جس کا سنگ بنیاد حیدرآباد کے ساتویں نظام و پرنسس نیلوفر کے سسر نواب میرعثمان علی خان نے رکھا تھا۔ اس اسپتال کے قیام کی کہانی بھی دلچسپ ہے۔

پرنسس نیلوفر کی ملازمہ کی موت زچگی کے دوران نامناسب طبی سہولتوں کے سبب ہوئی۔ اپنی اس پسندیدہ ملازمہ کی موت کی خبر سن کر ان پرسکتہ طار ی ہوگیا اور انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ زچگی کے دوران نامناسب سہولتوں کی کمی یا پیچیدگیوں کے سبب کسی بھی حاملہ خاتون یا اس کے بچہ کی موت نہ ہونے پائے۔ انہوں نے اپنے سسرنواب میر عثمان علی خان کو زچگیوں کے سلسلہ میں ہونے والی دشواریوں اور نہ مناسب طبی سہولتوں سے واقف کرواتے ہوئے اسپتال قائم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا جس کے نتیجہ میں پرنسس نیلوفر کے نام سے ہی اس اسپتال کا قیام 1949 میں عمل میں لایا گیا۔ پرنسس نیلوفر خود لاولد تھیں۔

پرنسس نیلوفر: حاملہ خواتین کے لئے حیدرآباد میں پہلا اسپتال قائم کروانے والی ’لاولد‘ شہزادی

ان کے سسر نواب میر عثمان علی خان بہادر نے اس اسپتال میں زچگیوں کے لئے حیدرآباد میں بیرونی ممالک کے ڈاکٹرس کے قیام کے سلسلہ میں ان کی کافی مدد کی۔ ابتدا میں یہ اسپتال 100 بستروں والا تھا تاہم بتدریج اس میں خواتین اوربچوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں میں اضافہ کیاگیا۔ نیلوفر کا تعلق سلطنت عثمانیہ سے تھا۔

ان کی شادی 20 دسمبر 1931 میں نیس شہر میں حیدرآباد ریاست کے حکمران نواب میرعثمان علی خان کے دوسرے فرزند نواب معظم جاہ سے ہوئی تھی۔ وہ اپنی شادی کے 21 سال بعد اپنے شوہر سے علحدہ ہوگئیں اور فرانس چلی گئیں جہاں سلطنت عثمانیہ کا خاندان ترکی چھوڑنے کے بعد جلاوطنی کی زندگی گزار رہا تھا۔ نیلوفر نے یہاں سماجی زندگی کاآغاز کردیا۔ انہوں نے 21فروری 1963 کو امریکی مصنف و فلم پروڈیوسر ایڈورڈ جولیس پوپ سے شادی کی۔ نیلوفر کی موت 12 جون 1989 کو پیرس میں ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Jan 2019, 4:09 PM