مودی اپنے 5 سال کے کارناموں پر بات کرنے سے بچ رہے ہیں: کانگریس

آنند شرما نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پی ایم گذشتہ 5 برس کے دوران اپنی حکومت کے کارنامے پر بات کرنے سے بچ رہے ہیں۔ کیونکہ ان کے دور حکومت میں ہندوستانی معیشت تباہ و برباد ہوگئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے ہفتے کے روز وزیراعظم نریندر مودی پر اصل مسائل سے بچنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی فائدہ اٹھانے کے لیے عوام کے جذبات سے کھیل رہے ہیں۔

کانگریس کے قد آور رہنما آنند شرما نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم گذشتہ پانچ برس کے دوران اپنی حکومت کے کارنامے پر بات کرنے سے بچ رہے ہیں۔ ان کے دور اقتدار میں ہندوستانی معیشت ڈگمگا گئی اور تمام اشارے اس کی گواہی دے رہے ہیں۔ برآمد کی سطح پر 2014 کے برابر ہے اور (غیر ملکی ڈائریکٹ سرمایہ کاری) ایف ڈی آئی گھٹ رہی ہے۔

نوجوانوں کے لیے روزگار نہیں ہے اور معشیت تباہ ہوچکی ہے۔ کارخانے بند ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریدنر مودی اپنی تقریروں میں ان سلگتے مسائل پر بات نہیں کر رہے ہیں بلکہ ’ملک کی مضبوطی‘ کی بات کر رہے ہیں۔ ملک کامضبوط بننا ایک عملِ مسلسل ہے لیکن وزیراعظم نے خود کو ملک سمجھ لیا ہے۔

آنند شرما نے بی جے پی پر انتخابات میں بے حساب پیسہ خرچ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جتنے وسائل کا استعمال لوک سبھا انتخابات میں ہو رہے ہیں ان میں سے 90 فیصد پر بی جے پی کا قبضہ ہے۔ انتخابات کا اعلان کرنے سے پہلے کروڑوں روپیے کے اشتہارات میڈیا اداروں کو دیئے گئے ہیں۔ یہ عوام کا پیسہ ہے جو ایک پارٹی کی شبیہ چمکانے میں خرچ کیا گیا ہے جس کا عوام کو کوئی بھی فائدہ نہیں ملا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کا تشہیری خرچ ہندوستان میں کام کر رہی کئی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے مشترکہ خرچ سے زیادہ ہے۔

آنند شرما نے کہا کہ مودی کی معاشی پالیسیوں نے ملک کو مالی خسارے کے راہ پر ڈال دیا ہے۔ حکومت قرضوں پر چل رہی ہے۔ قرض پر چلنے والا کوئی ملک مضبوط نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مودی الیکشن تشہیر میں فوج کا استعمال کر رہے ہیں۔ کانگریس اسے پورے طور پر خارج کرتی ہے کہ ملک کا کوئی بھی شخص فوجی اقتدار نہیں چاہتا ہے۔ انہوں نے مودی پر آمرانہ رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا۔

نیتی آیوگ کو ختم کرنے والے راہل گاندھی کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے شرما نے کہا کہ یہ ادارہ اعدادوشمار میں ہیرا پھیری کرنے اورانھیں دبانے والا بن گیا ہے۔ یوجنا آیوگ کی تشکیل کی تجویزہندوستان کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کی پہلی کابینہ کی میٹنگ میں پیش کی گئی تھی اور اسے ختم کرنا ایک مجرمانہ عمل ہے۔

کانگریس کے رہنما نے کہا کہ مودی سے سنہ 2014 کے دوران کیے گئے وعدوں کا حساب مانگا جائے گا اور ان کی جواب دہی طے کی جائے گی۔ نوٹ بندی اور اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) ہڑبڑی میں نافذ کرنے کا حساب دینا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Mar 2019, 7:10 PM
/* */