کمل ناتھ کی حلف برداری کی تیاریاں زور و شور سے جاری

مدھیہ پردیش میں کانگریس پارٹی بی ایس پی کے دو، ایس پی کے ایک اور چار آزاد ممبران اسمبلی (کل 221) کی مدد سے سرکار تشکیل دے رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بھوپال: مدھیہ پردیش کے نومنتخب وزیراعلی کمل ناتھ کی پیر کے دن جنبوری میدان میں منعقد ہونے والی شاندار حلف برداری تقریب کی تیاریاں زور و شور سے چل رہی ہیں۔ اس تقریب میں کانگریس صدر راہل گاندھی سمیت ملک کے اہم سیاسی لیڈروں اور صنعت کاروں کی شرکت ہوگی۔

شہر کے بھیل علاقے میں واقع وشال جنبوری میدان میں کمل ناتھ پیر کے دن دوپہر ڈیڑھ بجے وزیراعلی کے عہدے کا حلف لیں گے۔ فی الحال کمل ناتھ تنہا ہی حلف لیں گے اور کابینہ کی تشکیل کچھ دنوں کے بعد ہوگی۔

تقریب میں شرکت کر رہیں اہم شخصیات کے پیش نظر سلامتی کے بھی خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ جنبوری میدان میں بڑی اور شاندار منچ کے ساتھ ہی پنڈال بھی لگایا جارہا ہے۔ اس حلف برداری تقریب میں ریاست کے مختلف حصوں سے کانگریس کے کارکنان بھی شرکت کریں گے۔

کانگریس ذرائع کے مطابق حلف بردار تقریب میں راہل گاندھی کے علاوہ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور سینئر کانگریس لیدڑ بھی اس پروگرام میں شرکت کریں گے۔ سابق کانگریس صدر سونیا گاندھی اور ان کی صاحبزادی پرینکا گاندھی کے بھی آنے کے امکانات ہیں۔

تقریب میں شامل ہونے کے لئے سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا، بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی، سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو، مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی، سینئر لیڈر چندرا بابو نائیڈو، کئی ریاستوں کے وزرائے اعلی اور ملک کے صنعتی شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اس حلف برداری میں شرکت کریں گی۔

ریاست میں کانگریس کے پندرہ برسوں کے ’بنباس‘کے بعد اس پارٹی کی اقتدار میں واپسی ہوئی ہے۔ کل 230 ممبران اسمبلی والی ایوان کے انتخاب کے لئے اعلان کردہ نتائج میں کانگریس 114 سیٹوں کے ساتھ بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے جبکہ بی جے پی کو 109 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں۔ کانگریس بی ایس پی کے دو، ایس پی کے ایک اور چار آزاد ممبران اسمبلی (کل 221) کی مدد سے سرکار تشکیل دے رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔