کالج فیسٹ: لڑکیوں کے جنسی استحصال پر دہلی خاتون کمیشن نے ڈی یو رجسٹرار اور جوائنٹ پولیس کمشنر کو بھیجا سمن

گزشتہ ہفتہ دہلی خاتون کمیشن نے ایک کالج فیسٹ کے دوران طالبات کے جنسی استحصال کی خبروں کے بعد دہلی پولیس اور آئی پی کالج پرنسپل کو نوٹس جاری کیا تھا۔

دہلی یونیورسٹی / IANS
دہلی یونیورسٹی / IANS
user

قومی آوازبیورو

کالج فیسٹ (جشن) کے دوران لڑکیوں کے بار بار جنسی استحصال کے واقعات پر نوٹس لیتے ہوئے دہلی خاتون کمیشن (ڈی ڈبلیو سی) نے پیر کے روز معاملے کی جانچ شروع کی۔ جانچ کے حصے کی شکل میں دہلی پولیس اور دہلی یونیورسٹی کے افسروں کو مستقبل میں ایسے معاملوں کو روکنے کے لیے تیار گائیڈلائنس کی تفصیلات کے ساتھ طلب کیا گیا۔ دہلی یونیورسٹی کے رجسٹرار اور دہلی پولیس کے جوائنٹ پولیس کمشنر کو پیر کی صبح سمن جاری کیا گیا۔

گزشتہ ہفتہ دہلی خاتون کمیشن نے ایک کالج فیسٹ کے دوران طالبات کے جنسی استحصال کی خبروں کے بعد دہلی پولیس اور آئی پی کالج پرنسپل کو نوٹس جاری کیا تھا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ کچھ لڑکے جشن کے دوران کالج میں گھسے اور لڑکیوں کو پریشان کیا۔


تازہ نوٹس میں دہلی خاتون کمیشن نے کہا ہے کہ ’’آپ کو 6 اپریل 2023 کو دوپہر 2 بجے کمیشن کے سامنے موجود ہونے کے لیے سمن کیا جاتا ہے۔ اگر آپ بغیر جائز وجہ کے اس حکم پر عمل کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو آپ کے خلاف کارروائی ہوگی۔‘‘ کمیشن نے پولیس سے تعینات کیے جانے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد، جشن کے دوران کالج احاطہ کے باہر پی سی آر تعینات کرنے اور دہلی کے کالجوں میں اس طرح کے واقعات کو روکنے میں اہل نہیں ہونے کے اسباب کے بارے میں بھی پوچھا ہے۔

دوسری طرف کمیشن نے دہلی یونیورسٹی سے گارگی کالج، مرانڈا ہاؤس اور اندرپرستھ ویمنس کالج میں ہوئے واقعات پر یونیورسٹی کے ذریعہ کی گئی جانچ کی رپورٹ کی ایک کاپی پیش کرنے کو کہا ہے۔ یونیورسٹی کے ذریعہ کالج انتظامیہ میں سیکورٹی خامی کے لیے کی گئی کارروائی کی بھی تفصیل طلب کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔