آزادی کا ’امرت مہوتسو‘ پر پی ایم مودی نے کی نتیجہ خیز گفتگو

میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ آزادی کا امرت مہوتسو ایک ایسے وقت میں منایا جا رہا ہے جب پوری دنیا کورونا وبا کے بحران کا سامنا کر رہی ہے اور ہم بھی اس سے استثنیٰ نہیں ہیں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: آزادی کے 75 سال مکمل ہونے کی یاد میں آزادی کا امرت مہوتسو پر تشکیل دی گئی قومی کمیٹی کی بدھ کی رات وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں میٹنگ ہوئی، جس میں اس تقریب کو منائے جانے کے بارے میں تفصیل سے بات چیت ہوئی۔ پی ایم مودی نے جمعرات کو ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ''آزادی کا امرت مہوتسو پر تشکیل قومی کمیٹی کی میٹنگ میں کل حصہ لیا۔ ملک کی ترقی کے سفر میں اس اہم سنگ میل کو منانے کے بارے میں نتیجہ خیز گفتگو کی اور اپنے عظیم آزادی پسندوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

قابل ذکر ہے کہ قومی کمیٹی کی دوسری میٹنگ بدھ کی شب ہوئی جس میں لوک سبھا کے اسپیکر، گورنرز، مرکزی وزراء، وزرائے اعلیٰ، سیاسی قائدین، عہدیداروں، میڈیا پرسنز، روحانی پیشوا، فنکاروں، فلمی شخصیات اور زندگی کے ہرشعبے سے وابستہ اہم لوگوں نے حصہ لیا۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ آزادی کا امرت مہوتسو ایک ایسے وقت میں منایا جا رہا ہے جب پوری دنیا کورونا وبا کے بحران کا سامنا کر رہی ہے اور ہم بھی اس سے استثنیٰ نہیں ہیں۔ اس بحران نے ہمیں نیا سبق سکھایا ہے اور اس کی وجہ سے موجودہ نظام میں تبدیلی سے کووڈ کے بعد کے دور میں نیا عالمی نظام ابھر رہا ہے۔


انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو اس نئے نظام میں عالمی رہنما کے طور پر ابھرتے ہوئے اہم کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر یہ کہا جاتا ہے کہ تیسری صدی ایشیا کی صدی ہے، اس لیے یہ ضروری ہو جاتا ہے کہ ہم ایشیا میں ہندوستان کی مضبوط حیثیت بنانے کی سمت میں کام کریں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سال 2047 کے لیے اپنے اہداف کا تعین کریں جب ملک کی آزادی کے 100 سال مکمل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی باگ ڈور موجودہ نسل سنبھالے گی اور قوم کی تقدیر بھی ان کے ہاتھ میں ہوگی۔ اس لیے یہ طے کرنا ضروری ہے کہ ہم انہیں کیا بتائیں تاکہ وہ مستقبل میں ملک کی تعمیر میں بڑا حصہ ڈال سکیں۔ میٹنگ میں کلچر سکریٹری گووند موہن نے آزادی کے امرت مہوتسو سے متعلق سرگرمیوں کے بارے میں پریزنٹیشن دیا۔ کمیٹی کی پہلی میٹنگ 8 مارچ کو ہوئی جس کے بعد وزیر اعظم نے 12 مارچ کو 'آزادی کا امرت مہوتسو' شروع کیا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔