کورونا ویکسین کی تیاری کا جائزہ لینے کے لئے وزیر اعظم مودی کا احمدآباد، حیدرآباد اور پونے کا دورہ

وزیر اعظم مودی نے سائنسدانوں سے تبادلہ خیال کے بعد ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ”حیدرآباد میں بھارت بائیوٹیک کے مرکز میں دیسی ساختہ کووڈ- 19 کے ٹیکہ کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔“

احمد آباد میں زائیڈس بائیوٹیک پارک میں کورونا ویکسین کی تیاریوں کا جائزہ لیتے وزیر اعظم مودی / تصویر یو این آئی
احمد آباد میں زائیڈس بائیوٹیک پارک میں کورونا ویکسین کی تیاریوں کا جائزہ لیتے وزیر اعظم مودی / تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

احمد آباد/ حیدرآباد/ پونے: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز کورونا وبا کی ویکسین کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے احمد آباد، پونے اور حیدرآباد کا دورہ کیا۔ احمد آباد میں ویکسین کی تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد وہ سیدھے تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد پہنچے، بعد ازاں انہوں نے مہاراشٹر کے شہر پونے کا بھی دورہ کیا۔

حیدرآباد میں کورونا ویکسین کی تیاری کا جائزہ لیتے وزیر اعظم مودی / تصویر بشکریہ ٹوئٹر @NarendraModi
حیدرآباد میں کورونا ویکسین کی تیاری کا جائزہ لیتے وزیر اعظم مودی / تصویر بشکریہ ٹوئٹر @NarendraModi

وزیر اعظم مودی نے گجرات کے شہر احمدآباد میں واقع زائیڈس کیڈیلا کے پلانٹ میں تیار کی جا رہی کورونا کی ویکسین کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم مودی نے یہاں ویکسین کی تیاری میں مصروف ٹیم کے کاموں کی ستائش کی۔ ساتھ ہی کہا کہ حکومت ہند سرگرمی سے ان کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے پلانٹ کے باہر کھڑے لوگوں کا ہاتھ جوڑ کر خیر مقدم کیا۔


وزیر اعظم مودی نے ٹوئٹ کر کے کہا، ’’زائیڈس کیڈیلا کی طرف سے تیار کی جا رہی دیسی ساختہ ڈی این اے پر مبنی ویکسین کے بارے میں زیادہ معلومات حاصل کرنے کے لئے احمدآباد میں زائیڈس بائیوٹیک کا دورہ کیا۔ اس کام میں لگی ٹیم کے کاموں کی میں ستائش کرتا ہوں۔ اس سفر میں ان کا ساتھ دینے کے لئے حکومت ہند پر عزم ہے۔‘‘

حیدرآباد میں حکیم پیٹ ایرفورس اسٹیشن پہنچے پر چیف سکریٹری سومیش کمار، ڈی جی پی و دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا۔ مودی ایرپورٹ سے سیدھے بھارت بائیو ٹیک کمپنی پہنچے۔ جہاں انہوں نے سائنسدانوں سے بات چیت کی اور ٹیکہ کی تیاری، ملک کے شہریوں کو اس کی دستیابی اور اس سے متعلق چیلنجز کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔


وزیر اعظم مودی نے سائنسدانوں سے تبادلہ خیال کے بعد ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ”حیدرآباد میں بھارت بائیوٹیک کے مرکز میں دیسی ساختہ کووڈ- 19 کے ٹیکہ کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔“ مودی نے تاحال ہوئے تجربہ میں پیشرفت پر سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ ٹیم تیز پیشرفت کے لئے آئی سی ایم آر کے ساتھ ملک کر کام کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے اشتراک سے حیدرآباد کی جینوم ویلی میں واقع بھارت بائیوٹیک کمپنی کی جانب سے کورونا کے ٹیکہ کی تیاری کا کام کیا جا رہا ہے۔ اس ٹیکہ کے انسانوں پر تجربہ کا تیسرا مرحلہ حال ہی میں شروع ہوا۔


بھارت بائیوٹیک کے بعد وزیر اعظم مودی پونے کے لئے روانہ ہو گئے جہاں انہوں نے سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایس آئی آئی) کے پلانٹ کا دورہ کیا۔ ایس آئی آئی کووڈ-19 کی ویکسین کے لئے بین الاقوامی دواساز کمپنی ایسٹرا زینکا اور اکسفورڈ یونیورسٹی کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Nov 2020, 6:29 PM
/* */