کسانوں کی کمائی کو کالا دھن بتا کر پی ایم مودی نے انھیں ذلیل کیا: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے پی ایم مودی کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ کالا دھن لوگ گیہوں کے برتن میں چھپا کر رکھتے تھے۔ اس تقریر کو راہل گاندھی نے کسانوں کی ہتک عزتی قرار دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ایک بیان پر زبردست تنقید کرتے ہوئے انھیں کسان مخالف اور ان پر ظلم کرنے والا قرار دیا ہے۔ انھوں نے 17 نومبر کو اپنے ایک ٹوئٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر پر مبنی ایک 21 سیکنڈ کا ویڈیو اَپ لوڈ کیا ہے جس میں وہ نوٹ بندی کے تعلق سے بول رہے ہیں، اسی تقریر پر کانگریس صدر نے اعتراض کرتے ہوئے اسے کسانوں کو ذلیل کرنے والا قدم بتایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پی ایم مودی ملک کے کسانوں کی توہین کر رہے ہیں اور ان کی خون پسینے کی کمائی کو کالا دھن بتا رہے ہیں۔

دراصل راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم کا جو ویڈیو لگایا ہے اس میں وہ نوٹ بندی کے وجوہات بتاتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ’’کوئی نوٹوں کو بستر کے نیچے بچھا کر سوتے تھے، کوئی بورے میں بھر کر کے نوٹ رکھتے تھے، کوئی گیہوں کے بڑے بڑے برتنوں میں نوٹ چھپا کر رکھتے تھے اور اس کے اوپر گیہوں رکھتے تھے۔‘‘ اسی بیان سے کانگریس صدر ناراض ہیں اور انھوں نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیر اعظم نے نوٹ بندی کرکے کسانوں کی کمائی کو اپنے صنعتکار دوستوں پر لٹا ديا ہے اور اب کسانوں کی کمائی کو کالا دھن بتا کر انہیں ذلیل کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسٹر مودی جس طرح کسانوں کی توہین کر رہے ہیں، ملک کا کا کسان اسے برداشت نہیں کرے گا۔

ویڈیو کے ساتھ راہل گاندھی نے ہندی زبان میں جو کچھ لکھا ہے اس کا اردو ترجمہ کچھ اس طرح ہے: کیا آپ نے مالیا، ’میہل بھائی‘، نیرو مودی کو گیہوں اُگاتے دیکھا ہے؟ مودی جی کسان کی بے عزتی مت کرو۔ پہلے آپ نے نوٹ بندی کر کے کسان کا پیسہ بٹور کر سوٹ بوٹ والے دوستوں کو دینے کا گھوٹالہ کیا۔ اب کہہ رہے ہو کہ کسان کا وہ پیسہ کالا دھن تھا۔ کسان کی یہ بے عزتی ہندوستان نہیں سہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Nov 2018, 11:09 PM