وزیر اعظم مودی نے بارش نہیں بلکہ خالی کرسیوں کی وجہ سے منڈی ریلی منسوخ کی؟ کانگریس نے ویڈیو شیئر کر کے کیا طنز

اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے سری نواس نے لکھا ’’مودی جی کی ہماچل میں بڑی ریلی! ریلی میں ایک لاکھ نوجوانوں کے جمع ہونے کا دعویٰ، حالات دیکھ کر مودی منڈی نہیں پہنچے..!

پی ایم مودی، تصویر آئی اے این ایس
پی ایم مودی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

شملہ: بی جے وائی ایم یعنی بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کی جانب سے ہفتہ کے روز ہماچل پردیش کے منڈی میں واقع پڈّل میدان میں ایک بڑی ریلی کے انعقاد کی تیار کی گئی تھی۔ بی جے پی کی جانب سے اس ریلی کی کافی تشہیر بھی کی گئی اور یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس میں لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔ دراصل، وزیر اعظم نریندر مودی بذات خود اس ریلی میں شرکت کرنے والے تھے لیکن پارٹی کی امیدوں کے برخلاف اسے منسوخ کر دینا پڑا۔

رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے آخری لمحات میں منڈی ریلی کو منسوخ کر دیا۔ پارٹی کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ منڈی میں بارش کی وجہ سے وزیر اعظم نے ریلی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ لیا، تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ریلی کے مقام کی خالی کرسیوں کی ویڈیوز کچھ اور ہی بیان کر رہی ہیں!


اس معاملہ پر حزب اختلاف کی جانب سے بھی وزیر اعظم مودی اور بی جے پی پر طنز کیا جا رہا ہے۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ ریلی میں جو بھی کرسیاں لگائی گئی تھیں وہ خالی تھیں، اس لیے پی ایم مودی نے ریلی کو منسوخ کرنا ہی درست سمجھا۔ یوتھ کانگریس کے صدر سرینواس بی وی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ریلی کے مقام کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں نظر آ رہا ہے کہ جلسہ گاہ خالی پڑا ہے اور جہاں تک نظر جاتی ہے، کرسیاں بھی خالی ہیں۔ اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے سری نواس نے لکھا ’’مودی جی کی ہماچل میں بڑی ریلی! ریلی میں ایک لاکھ نوجوانوں کے جمع ہونے کا دعویٰ، حالات دیکھ کر مودی منڈی نہیں پہنچے..!

بارش کی وجہ سے ریلی منسوخ ہونے کی بات پر سوال اس لیے بھی اٹھ رہے ہیں کیونکہ خود وزیر اعظم نریندر مودی نے آج صبح منڈی آنے کی بات کہی تھی۔ بی جے پی ایم پی اور یووا مورچہ کے صدر تیجسوی سوریا نے بھی ٹوئٹ کیا تھا کہ ہزاروں نوجوان ریلی میں پہنچ چکے ہیں اور پی ایم کو سننے کے لیے بے تاب ہیں۔


پی ایم مودی نے لکھا تھا، ’’میں آج ہماچل پردیش کے منڈی میں ’بی جے وائی ایم‘ کی یووا وجے سنکلپ ریلی میں ہمارے پرجوش کارکنوں کے درمیان حاضر ہونے کا منتظر ہوں۔ این ڈی اے حکومت نے ہماری نوجوان طاقت کو بااختیار بنانے اور انہیں آتم نربھر بنانے کے مقصد سے کئی اقدامات کیے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔