وزیر اعظم دو روزہ دورے پر اتراکھنڈ پہنچے، کیدارناتھ میں پوجا، بدری ناتھ میں دیو درشن

وزیر اعظم نریندر مودی صبح 8:30 بجے کیدارناتھ مندر پہنچے اور پوجا کی۔ آج ہی وہ گوری کنڈ کو کیدارناتھ اور گووند گھاٹ کو ہیم کنڈ صاحب سے جوڑنے والے دو نئے روپ وے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

دہرادون: وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کی صبح ایک خصوصی طیارے سے اتراکھنڈ کے جولی گرانٹ ہوائی اڈے پر پہنچے۔ یہاں دو روزہ دورے پر آئے وزیر اعظم مودی کا ہوائی اڈے پر اتراکھنڈ کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل گرمیت سنگھ (ریٹائرڈ)، وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی، مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع اجے بھٹ اور دیگر معززین نے استقبال کیا۔ اس کے بعد وزیر اعظم فوج کے ایک خصوصی ہیلی کاپٹر میں کیدارناتھ دھام کے لیے روانہ ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی صبح تقریباً 8:30 بجے کیدارناتھ مندر پہنچے۔ یہاں انہوں نے پوجا کی اور دیوتا شیو کا رودرابھیشیک کیا۔ اس کے بعد وزیر اعظم گوری کنڈ کو کیدارناتھ اور گووند گھاٹ کو ہیم کنڈ صاحب سے جوڑنے والے دو نئے روپ وے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وہ بدری ناتھ مندر میں صبح 11.30 بجے پوجا اور درشن کریں گے۔


اترکھنڈ پہنچے وزیر اعظم مودی نے ہماچل پردیش کی خاص پوشاک ڈورا پہنی ہوئی ہے، جسے چمبا کی ایک خاتون نے اپنے ہاتھوں سے تیار کیا ہے۔ حال ہی میں ان کے ہماچل دورے پر انہیں یہ پوشاک بطور تحفہ پیش کی گئی تھی۔

وزیر اعظم مودی دوپہر 12 بجے ریور فرنٹ کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں گے۔ اس کے بعد 12.30 بجے مانا گاؤں میں سڑک اور روپ وے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ وزیر اعظم مودی دوپہر تقریباً 2 بجے ارائیول پلازہ اور جھیلوں کے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔ اس دوران گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ر) گرمیت سنگھ اور وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی بھی موجود رہیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔