پلوامہ حملہ کی اطلاع دیر سے ملی تو ڈووال سے ناراض ہو گئے مودی

جس وقت پلوامہ میں حملہ ہوا اس وقت وزیر اعظم نریندر مودی جم کوربیٹ پارک میں فوٹو شوٹ کرا رہے تھے۔ یہ سوال آج پورا ملک پوچھ رہا ہے کہ کیا وزیر اعظم کو پلوامہ حملے کی جانکاری ہی نہیں تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کیا پلوامہ حملے کی جانکاری پی ایم نریندر مودی کا صحیح وقت پر نہیں ملی؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے انگریزی نیوز چینل ’نیوز ایکس‘ نے گزشتہ جمعرات کی شام تقریباً 5.45 بجے خبر شائع کی کہ پلوامہ حملے کی جانکاری وقت پر نہ دینے سے پی ایم نریندر مودی قومی سیکورٹی مشیر اجیت ڈووال سے کافی ناراض ہیں۔ نیوز ایکس کی اس خبر پر سوشل میڈیا میں بحث بھی شروع ہو گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر اس خبر کے تعلق سے لوگوں نے چینل کے اسکرین شاٹ شیئر کرنا شروع کر دیا ہے جس میں صاف لکھا ہے کہ پی ایم تاخیر سے اطلاع ملنے سے خوش نہیں ہیں۔

اسکرین شاٹ سے واضح ہوتا ہے کہ نیوز ایکس چینل نے یہ خبر شام 5.38 بجے دکھائی۔ اس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ قومی سیکورٹی مشیر اجیت ڈووال پلوامہ حملے کی جانکاری پی ایم نریندر مودی کو وقت پر دینے میں ناکام رہے اور اس وجہ سے پی ایم ان سے ناراض ہیں۔ لیکن کچھ ہی دیر بعد یہ نیوز ایکس کے سوشل میڈیا اور ویب سائٹ سے غائب ہو گئی۔

اسی خبر کو لے کر ایک یوزر نے لکھا ’’اگر ڈووال نے پلوامہ حملے کے بارے میں پی ایم کو اطلاع نہیں دی تو وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کیا کر رہے تھے؟ انھوں نے پی ایم کو فون کر کے کیوں نہیں خبر کی؟ خیر، چینل سے اسٹوری ہٹ گئی ہے۔‘‘

غور طلب ہے کہ جموں و کشمیر کے پلوامہ میں 14 فروری کو سی ا ٓر پی ایف کے قافلے پر ایک خودکش دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا جس میں سی آر پی ایف کے 49 جوانوں کی موت ہو گئی تھی۔ اس حملے کی ذمہ داری پاکستان کی دہشت گرد تنظیم جیش محمد نے لی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 22 Feb 2019, 9:09 AM