بنگال کے عوام بی جے پی کے تکبر کے خلاف ووٹ دیں: ممتا بنرجی

بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ریاست کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بی جے پی کے تکبر اور گھمنڈ کے خلاف ووٹ کریں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

کولکاتا: بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ریاست کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بی جے پی کے تکبر اور گھمنڈ کے خلاف ووٹ کریں۔ آسنسول لوک سبھا حلقے کے رانی گنج میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ آسنسول سے بی جے پی کے ممبرپارلیمنٹ کو بنگالی ثقافت کا کوئی علم نہیں ہے۔وہ صرف انتخابات کے موسم میں ہی بنگال میں نظر آتے ہیں۔انہیں بنگالی کلچر کا کوئی علم نہیں ہے۔ انہوں نے جھار کھنڈ سے غنڈے اور بم لاکر آسنسول کے عوام کو پریشان کیا ہے۔مگرہم ان کا ہرسطح پر مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ جو شخص سال بھر نظر نہیں آئے، وہ صرف انتخابات کے موسم میں اڑتے پرندے کی طرح آئے تو ایسے لوگوں کو ووٹ نہ دو۔آسنسول پہلے میونسپلٹی تھا اب میونسپل کارپوریشن بن چکا ہے۔آسنسول میں 2800کروڑ روپے پینے کے پانی کی سپلائی کا پروجیکٹ چل رہا ہے جس کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔

رانی گنج کے علاقہ میں تودے کھسکنے سے جانوں کا نقصان ہوتا تھا۔اس لیے لوگوں کی حفاظت کے پیش نظر ہم نے 45000فلیٹ بنائے ہیں،ہم نے آسنسول کو نیا ضلع بنایا ہے۔یہاں نیا پولس کمشنریٹ بنایا گیا ہے۔اس ضلع میں یونیورسٹی اور ہندی کالج بنائے گئے ہیں اور ہوڑہ میں ہندی یونیورسٹی بنائی گئی ہے۔ہم نے ہندی، اردو، سنتھالی، نیپالی اور گورمکھی کو سرکاری زبان کا درجہ دیا ہے۔


ہم نے 300 بستر کا ملٹی سپر اسپیشلیٹی اسپتال بنایا ہے۔آسنسول ضلع کے اسپتال کی تجدید کاری کی گئی ہے۔صنعتی شہر پانا گڑھ، درگا پور میں 40000کروڑ روپے خرچ کرکے دنیا کی بڑی کوئلے کی کان بنائی جارہی ہے۔اس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔انڈال میں ائیر پورٹ بنایا گیا۔پانا گڑھ میں بائی باس بنایا گیا۔پہلے کوئلہ مافیاکا کول مائن پر قبضہ تھا مگر اب سنٹرل فورسیزکی نگرانی میں کام کیا جارہاہے۔ممتا بنرجی نے کہا کہ مقامی ممبرپارلیمنٹ دعویٰ کرتے ہیں کہ ترنمول کانگریس کا کوئلہ مافیاؤں سے تعلق ہے۔آخر کار مرکزی فورسز کام کیوں نہیں کررہی ہے۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی پہلے خود کو چائے والا کہتے تھے مگر اب چوکیدار بن گئے ہیں۔دراصل چوکیدار چور ہے۔مودی نے پانچ سال قبل بڑے بڑے وعدے کرکے لوگوں کے ووٹ حاصل کئے مگر ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ساڑھے چار سال تک بیرون ممالک کا دورہ کرتے رہے۔انہو ں نے کالا دھن واپس لانے اور ہرایک شہری کے کھاتے میں 15لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا تھا مگر کیا ہوا۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ ہندو مذہب ایک قدیم مذہب ہے اور بی جے پی اب پیدا ہوئی ہے۔بی جے پی ہندو مذہب کی توہین کررہی ہے۔ہم نے تاراپیٹھ، تارکیشور،بکریشورکنکا لی تالا مندروں کو توسیع اور تذئین کاری کرکے خوبصورت بنایا ہے۔بی جے پی صرف رام مندر کا سیاسی استعمال کررہی ہے۔بی جے پی والے رام مندر بنانے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ترشول اور تلوارں کا جلوس نکال کر عوام کو خوف زدہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔