دہلی: صفائی ملازمین پر پولس لاٹھی چارج، مظاہرہ میں شامل 43 ملازمین معطل

صفائی ملازمین پولس بیریکیڈنگ توڑ کر پارلیمنٹ کی طرف بڑھنے جا رہے تھے لیکن موقع پر تعینات پولس اہلکاروں نے مظاہرین کی بھیڑ کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھیاں برسائيں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: دارالحکومت دہلی کے تینوں کارپوریشنوں کے صفائی ملازمین اپنے مطالبات کو لے کر مظاہرہ کر رہے تھے۔ مظاہرین کی بھیڑ کو منتشر کرنے کے لئے پولس نے لاٹھی چارج کیا۔

دارالحکومت دہلی کے تینوں کارپوریشنوں سے بڑی تعداد میں صفائی ملازمین خاتون اور مرد جنتر منتر پر مظاہرہ کرنے پہنچے تھے۔ صفائی ملازمین پولس بیریکیڈنگ توڑ کر پارلیمنٹ کی طرف بڑھنے کی کوشش کرہے تھے۔ موقع پر تعینات پولس اہلکاروں نے مظاہرین کی بھیڑ کو منتشر کرنے کے لئے ان پر لاٹھیاں برسائيں۔ نئی دہلی ضلع کے پولس ڈپٹی کمشنر مدھر ورما نے بتایا کہ مظاہرین نے پتھر بازی کی جس میں پانچ پولس اہلکار زخمی ہو گئے۔

واضح ر ہے کہ صفائی ملازمین کافی دنوں سے تنخواہ بڑھانے کی مانگ پر احتجاج کر رہے ہیں۔ صفائی ملازمین نے حکومت کے سامنے 2017 سے پہلے عارضی بنیاد پر کام کر نے والے صفائی ملازمین کی نوکری مستقل کئے جانے، کیش لیس میڈیکل کارڈ فراہم کر نے اور پرا نا بقایہ دلانے کی مانگیں رکھی ہیں۔

ایم سی ڈی صفائی ملازم یونین کے ریاستی صدر سنجے گہلوت نے یو این آئی کو بتایا کہ وہ لوگ اپنے مطالبات کو لے کر وزیر اعظم دفتر کی طرف جا رہے تھے تبھی صفائی ملازمین پر پولس نے بربریت سے کارروائی کی جس میں 703 صفائی ملازمیں زخمی ہو گئے۔ صفائی ملازمین اپنے مطالبات کو لے کر گزشتہ 27 دنوں سے دہلی کے مختلف علاقوں میں مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے دو بار وزیر اعلی کی رہائش گاہ پر مظاہرہ کیا اور اپنے مطالبات ان کے سامنے رکھے، لیکن ان کی کہیں بھی سنوائی نہیں ہو رہی ہے۔

ای ڈی ایم سی کے 43 صفائی ملازمین معطل

قومی دارالحکومت دہلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے زیر انتظام مشرقی دہلی مونسپل کارپوریشن ( ای ڈی ایم سی) نے تنخواہ ادا نہ کئے جانے سمیت مختلف مسائل پر گزشتہ 12 ستمبر سے احتجاج کرنے والے صفائی ملازمین کے خلاف پیر کے روز سخت رخ اختیار کرتے ہوئے کام میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں 43 صفائی ملازمین کو فوری طورسے معطل کر دیا ہے۔

کارپوریشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 26 عارضی ملازمین کی خدمات ختم کر دی گئیں اور 17 دیگر کو معطل کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ چھ صفائی ملازمین کی خدمات ان کی سینیئرٹی کی بنیاد پر مستقل کر دی گئی ہیں۔

دوسری طرف احتجاجی صفائی ملازمین نے پیر کے روز جنتر منتر پر دھرنا دیا اور مظاہرہ کیا۔ پولس نے بھیڑ کو قابو میں کرنے کے لئے لاٹھی چارج بھی کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Oct 2018, 10:05 AM