حکومت کورونا اموات کے اعداد و شمار عام کرے، یہ جاننا عوام کا بنیادی حق ہے: ہائی کورٹ

شہریوں کی پیدائش اور اموات کے اعداد و شمار جاننا عوام کا بنیادی حق ہے لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حکومت کورونا کے دوران ہونے والی اموات کے اعداد و شمار ظاہر نہیں کرنا چاہتی ہے۔

علامتی فائل تصویر آئی اے این ایس
علامتی فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

پٹنہ ہائی کورٹ نے حکومت بہار کو ہدایت دی ہے کہ وہ کورونا بحران کی مدت کے دوران ہونے والی اموات کے اعدادوشمار کو عام کرے اور تمام منتخب عوامی نمائندوں کو 24 گھنٹے میں اپنے اپنے علاقوں میں ہونے والی اموات سے مطلع کرے۔ عدالت نے کہا کہ اموات کے اعدادوشمار کو جاننا عوام کا بنیادی حق ہے۔

چیف جسٹس سنجے کرول اور جسٹس ایس کمار پر مشتمل ڈویژن بنچ نے شیوانی کوشک اور دیگر کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے بعد کہا کہ شہریوں کو پیدائش اور موت سے متعلق اعداد و شمار کے بارے میں جاننے کا بنیادی حق حاصل ہے، لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کورونا بحران کی مدت کے دوران ہونے والی اموات کے اعداد و شمار کو حکومت ظاہر کرنا نہیں چاہتی ہے۔


ججوں نے پیدائش اور موت سے متعلق ڈیجیٹل پورٹل کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ نہ کرنے پر بھی ریاستی حکومت سے برہمی کا اظہار کیا اور حکومت کو باقاعدگی سے اسے اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں جب مرکزی اور ریاستی حکومت ڈیجیٹل انڈیا کو ایک پرچم بردار پروگرام بنانے کے لئے عہد بند ہے، تب حکومت کا فرض ہے کہ وہ ریاست کے دس کروڑ سے زیادہ لوگوں کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر کورونا بحران کی مدت کے دوران ہونے والی اموات کی صحیح تعداد کے بارے میں مطلع کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس لئے بھی ضروری ہے تاکہ متوفی کے لواحقین کو سرکاری اسکیموں سے فائدہ حاصل ہوسکے۔

بنچ نے ہدایت دی کہ ریاست کے چیف سکریٹری یا ایڈیشنل چیف سکریٹری یا ڈویلپمنٹ کمشنر فوری طور پر متعلقہ افسران سے مل کر فیصلہ کریں کہ عدالت کے اس حکم کو کس طرح نافذ کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔