پٹنہ: تیجسوی کا بنگلہ خالی کرانے گئی پولس اپنے مقصد میں ناکام

تیجسوی کا بنگلہ خالی کرانے پہنچی انتظامیہ کی ٹیم کو خالی ہاتھ لوٹنا پڑا، گیٹ پر تیجسوی کی طرف سے ایک نوٹس چسپاں ملا جس پر لکھا ہے، ’معاملہ کورٹ میں ہے اس لئے بنگلہ خالی کرنے کا دباؤ نہ ڈالیں۔‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

پٹنہ: بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو کے راجدھانی پٹنہ کے سرکاری مکان کو آج خالی کرانے گئی پولیس کو اپنے مقصد میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

پٹنہ کے پانچ دیش رتن مارگ پر واقع راشٹریہ جنتادل (آرجے ڈی) کے سنیئر لیڈر یادو کی سرکاری رہائش گاہ کو خالی کرانے کیلئے کثیر تعداد میں پولیس کے ساتھ ہی جنرل ایڈمنسٹریشن کے افسران پہنچے۔ اپوزیشن لیڈر کے پٹنہ میں نہیں ہونے کی اطلاع کے بعد رہائش خالی کرائے جانے کی مخالفت میں پارٹی کے ممبران اسمبلی، ممبران کونسل اور کارکنان یادو کی رہائش کے باہر دھرنا پر بیٹھ گئے۔ اس دوران حکومت مخالف نعرے بازی بھی کی گئی۔ رہائش خالی کرانے آئے افسران نے دھرنا پر بیٹھے آر جے ڈی کے ممبران اسمبلی کو حکومت کی جانب سے رہائش خالی کرائے جانے کا نوٹس دکھایا۔

انتظامی افسران کے نوٹس دکھائے جانے کے باوجود آر جے ڈی کے ممبران اسمبلی اپنے حامیوں کے ساتھ اپوزیشن لیڈر کے سرکاری مکان کے باہر دھرنا پر بیٹھے رہے۔ دن بھر کی گہماگہمی کے بعد یادو کے وکیل نے انتظامی افسران کو رہائش سے متعلق میں پٹنہ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی ایف آئی آرکو دکھایا۔ اسکے بعد ضلع انتظامیہ کے افسران نے رہائش خالی کرانے کی کاروائی روک دی۔

آرجے ڈی کے ترجمان نے کہاکہ پارٹی کے ممبران اسمبلی اورممبران کونسل اپوزیشن لیڈر کے سرکاری مکان پانچ دیش رتن مارگ کو خالی کرانے کی مخالفت کر رہے ہیں۔ مکان سے متعلق معاملہ پٹنہ ہائی کورٹ میں چل رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت مکان کو خالی کرانے کی جلد بازی کیوں ہے۔ یہ سمجھ سے بعید ہے۔

واضح رہے کہ یادو کو پانچ دیش رتن مارگ واقع سرکاری بنگلہ مہا گٹھ بندھن کی حکومت میں نائب وزیراعلیٰ بننے پر ریاستی حکومت کی جانب سے الاٹ کی گئی تھی۔ بعد میں جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) نے عظیم اتحاد سے الگ ہوکر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے ہاتھ ملاکر حکومت بنالی تھی۔

یادو نائب وزیراعلیٰ کے عہدہ سے الگ ہونے کے بعد اس سرکاری مکان میں رہ رہے ہیں۔ جے ڈی یو اور بی جے پی اتحاد کی حکومت بننے کے بعد نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی کو یہ رہائش الاٹ کی گئی ہے۔ ریاستی حکومت نے اپوزیشن لیڈر کے لئے ایک پولو روڈ واقع سرکاری مکان الاٹ کیا ہے جس میں سشیل مودی رہ رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Dec 2018, 9:09 PM