عمران پرتاپ گڈھی کی پہل پر جھارکھنڈ حکومت نے ماب لنچنگ قانون کا مسودہ تیار کیا

عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ اس قانون میں لنچنگ کرنے والوں، ہجومی لنچنگ کی حوصلہ افزائی کرنے والوں اور موب لنچنگ کی منصوبہ بندی کرنے والوں کے لیے سخت سزا کا انتظام کیا گیا ہے۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز
user

پریس ریلیز

نئی دہلی: آل انڈیا کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے قومی صدر عمران پرتاپ گڑھی کی پہل پر کانگریس کی حمایت یافتہ جھارکھنڈ حکومت نے ہجومی تشدد (ماب لنچجنگ) کے قانون پر ایک مسودہ تیار کیا ہے۔ عمران پرتاپ گڈھی اکتوبر 2021 کے آخری ہفتے میں جھارکھنڈ کے دورے پر گئے تھے۔ انہوں نے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی اور اینٹی موب لنچنگ قانون، مدرسہ بورڈ اور اردو اکیڈمی کی تشکیل کا مطالبہ کیا تھا۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ عمران پرتاپ گڑھی وقتاً فوقتاً اینٹی موب لنچنگ قانون کا مطالبہ کرتے رہے ہیں اور ملک میں جب بھی موب لنچنگ جیسے واقعات سامنے آئے ہیں تب عمران نے نہ صرف موب لنچنگ میں مارے گئے خاندانوں کی مالی مدد کی بلکہ ملاقات بھی کی اور ظلم کے شکار ہوئے لوگو ں کو قانونی طور پر مدد فراہم کی گئی۔ جھارکھنڈ کے اپنے دورے کے دوران عمران پرتاپ گڑھی نے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اور کانگریس کی مخلوط حکومت پر اینٹی موب لنچنگ قانون بنانے کے لیے دباؤ ڈالا تھا۔ اس وقت ہیمنت سورین نے ان کے مطالبے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے قانون بنانے کا وعدہ کیا تھا۔


اس بل پر ردِ عمل دیتے ہوئے عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ کانگریس مخلوط حکومت کے قدم قابل ستائش ہیں۔ جس طرح سے بی جے پی نے جھارکھنڈ کو موب لنچنگ کی تجربہ گاہ بنا دیا تھا اور جب دل چاہے تو بی جے پی لیڈران کے اشارے پر بی جے پی ورکر بے گناہوں کو سیاسی فائدے کے لیے قتل کر دیتے ہیں، تو ایسی صورت میں ملک کے تمام وزیر اعلیٰ کو چاہیے کہ وہ جلد از جلد ایک قانون بنائیں تاکہ سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھا جا سکے اور بے گناہوں کے قتل کو روکا جا سکے۔ کیونکہ ایسا قانون ہی تمام لوگوں کے آئینی مفادات کا تحفظ کرے گا۔

عمران پرتاپ گڑھی نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ماب لنچنگ کے اس مسودے کیلئے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اس قانون میں لنچنگ کرنے والوں، ہجومی لنچنگ کی حوصلہ افزائی کرنے والوں اور موب لنچنگ کی منصوبہ بندی کرنے والوں اور سازش کرنے والوں کے لیے سخت سزا کا انتظام کیا گیا ہے۔ عمران پرتاپ گڑھی نے اس بل کے لیے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جس طرح سے وزیر اعلیٰ ہیمنت جی نے ان کے مطالبے کو تسلیم کیا اور قانون بنانے کے اپنے وعدے کو نبھاتے ہوئے ماب لنچنگ کو روکنے کے لیے قانونی مسودہ تیار کیا، اس کے لئے وزیر اعلیٰ کا بہت بہت شکریہ۔ اس دوران جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اور عمران پرتاپ گڑھی کے ساتھ کانگریس کے صوبائی صدر راجیش ٹھاکر بھی موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔