کورونا انفیکشن: ہندوستان ہوا بے حال، مریضوں کی تعداد تقریباً 7.5 لاکھ، مہلوکین 20642

بدھ کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس کے 22752 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جبکہ 482 لوگوں کی اس وبا سے موت ہو گئی۔

کورونا وائرس
کورونا وائرس
user

یو این آئی

نئی دہلی: ہندوستان میں کورونا کا قہر لگاتار بڑھتا ہی چلا جا رہا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے روزانہ 20 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آ رہے ہیں اور مہلوکین کی تعداد میں بھی 400 سے 500 کے درمیان درج کی جا رہی ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق ہندوستان میں کورونا متاثرہ افراد کی کل تعداد 7.42 لاکھ اور ہلاکتوں کی تعداد 20،642 ہوچکی ہے۔

مرکزی وزارت صحت کی جانب سے بدھ کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس کے 22،752 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 7،42،417 ہوگئی ہے۔ اسی عرصہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 482 سے بڑھ کر 20،642 ہوگئی ہے۔ اس مدت کے دوران 16،883 مریض صحت مند ہوئے ہیں، جس سے شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 4،56،831 ہوگئی ہے۔ ابھی ملک میں کورونا وائرس کے 2،64،944 فعال کیسز ہیں۔

ہندوستان میں ریاست مہاراشٹر کوروناوائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ہے جہاں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5،134 کیسز رپورٹ ہوئے جس سے ریاست میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2،17،121 ہوگئی ہے۔ اسی عرصہ میں 224 افراد کی ہلاکت کے بعد اموات کی مجموعی کی تعداد 9،250 ہوچکی ہے۔ ریاست میں 1،18،558 افراد وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔

تمل ناڈوجووائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں ملک بھر میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے ، متاثرین کی تعداد میں 3،616 کیسز کے اضافے کے ساتھ مجموعی تعداد 1،18،594 ہوگئی ہے اور اسی عرصہ میں 65 ہلاکتوں سے مرنے والوں کی تعداد 1636 ہوگئی ہے۔ ریاست میں 71،116 افراد کو علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔ قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس کی وبا نے تباہی مچا دی ہے اوریہاں اب تک 1،02،831 افرادکووڈ19 سے متاثر ہوئے ہیں اور اس وبا سے ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 3،165 ہوگئی ہے۔ دارالحکومت دہلی میں 74،217 مریض صحت مند ہوئے جن کو مختلف اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔


ملک کی مغربی ریاست گجرات کورونا وائرس کووڈ ۔19 سے متاثر ہونے کے لحاظ سے ملک بھر میں چوتھے نمبر پر ہے ، لیکن مرنے والوں کی تعداد میں یہ مہاراشٹر اور دہلی کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔ ریاست گجرات میں اب تک 37،550 افراد اس وائرس سے متاثر اور 1977 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ریاست میں 26،720 افراد اس جان لیوا وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔

آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں اب تک کورونا وائرس کے 29،968 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اس وائرس سے 827 افراد ہلاک جبکہ 19،627 مریض صحت مند ہوئے ہیں۔ جنوبی ہندوستان کی ریاستوں۔ تلنگانہ اور کرناٹک میں کورونا وائرس کے کیسز بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ تلنگانہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 27،612 تک پہنچ چکی ہے اور 313 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ اب تک 16،287 افراد شفایاب ہوچکے ہیں۔ کرناٹک میں 26،815 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 416 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ریاست میں 11،098 افراد صحت مند ہیں۔


مغربی بنگال میں23،837 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 804 افراد ہلاک اور 15،790 افراد اب تک اس جان لیوا وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔ راجستھان میں بھی کوروناوائرس کے پھیلنے کا عمل زوروں پر ہے اور اب تک اس ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد 21،404 تک پہنچ چکی ہے اور اب تک 472 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ، جبکہ 16،575 افراد پوری طرح سے صحت یاب ہوئے ہیں۔

آندھرا پردیش میں21،197 افرادکووڈ19سے متاثر ہوئے ہیں اور اس ریاست میں اموات کی تعداد 252 ہوگئی ہے۔ ہریانہ میں17،999 افراد کورونا وائرس سے متاثر اور 279 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس وبا سے مدھیہ پردیش میں 622 ، پنجاب میں 175 ، جموں و کشمیر میں 143 ، بہار میں 104 ، اتراکھنڈ میں 43 ، اڈیشہ میں 42 ، کیرالہ میں 27 ، جھارکھنڈ میں 22 ، چھتیس گڑھ ، آسام اور پڈوچیری میں 14،14 ، ہماچل پردیش میں 11۔ ، گوا میں آٹھ ، چنڈی گڑھ میں سات ، اروناچل پردیش میں دو اور ایک ایک شخص کی تری پورہ ، لداخ اور میگھالیہ میں موت ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔