انتخابات قریب آتے ہی بی جے پی نے مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال شروع کر دیا، چھاپہ ماری پر اکھلیش کا سخت ردعمل

اکھلیش یادو نے کہا کہ انتخابات میں ہار سامنے دیکھ کر بی جے پی پریشان ہے۔ وہ چاہے جو کرلیں، اس مرتبہ ریاست میں ان کی حکومت نہیں بننے والی۔

اکھلیش یادو / آئی اے این ایس
اکھلیش یادو / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے پارٹی کے قومی سکریٹری راجیو راجے اور اپنے پرسنل سکریٹری جینندر یادو سمیت کئی لیڈران کے ٹھکاروں پر کی گئی محکمہ انکم ٹیکس کی چھاپہ ماری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات آتے ہی بی جے پی نے مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال شروع کر دیا ہے۔

اکھلیش یادو نے رائے بریلی میں سماجوادی وجے یاترا میں صحافیوں سے کہا، ’’ابھی تو آئی ٹی آیا ہے۔ ابھی ای ڈی، سی بی آئی کا اتر پردیش آنا باقی ہے۔ آپ لوگ دیکھتے جائیے کون کون لوگ دہلی سے بھیجے جاتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ہار سامنے دیکھ کر بی جے پی پریشان ہے۔ وہ چاہے جو کرلیں، اس مرتبہ ریاست میں ان کی حکومت نہیں بننے والی۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ ریاست میں اس بار سماجوادی پارٹی کی حکومت بننے جا رہی ہے۔


اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی کی ان حرکتوں سے سائیکل کی رفتار نہیں رکے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ چھاپہ ماری انتخابات کی وجہ سے کی جا رہی ہے تاکہ سماجوادی پارٹی کے لیڈران کو بدنام کیا جا سکے۔ اکھلیش نے کہا کہ ریاست میں ’ٹھوکو راج‘ چل رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی سوال اٹھائے کہ کسانوں کو روندنے کے معاملہ میں جب جانچ ایجنسی کی رپورٹ آ چکی ہے، تو بی جے پی کے وزیر کے خلاف کارروائی عمل میں کیوں نہیں لائی جا رہی۔

خیال رہے کہ محکمہ انکم ٹیکس نے آج مئو میں سماجوادی پارٹی کے قومی سکریٹری راجیو رائے، لکھنؤ میں اکھلیش یادو کے پرسنل سکریٹری جینندر یادو اور آر سی ایل گروپ کے مالک منوج یادو کے مین پوری میں واقعہ ٹھکانے پر بیک وقت چھاپہ ماری کی۔ راجیو رائے کو اکھلیش یادو کا کافی قریبی قرار دیا جاتا ہے۔ وہ آر وی کے گروپ کے چیئرمین ہیں اور کرناٹک میں کئی تعلیمی ادارے بھی چلاتے ہیں۔ سال 2014 کے عام انتخابات میں وہ گھوسی حلقہ سے سماجوادی پارٹی کے امیدوار تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */