اب الیکشن لڑنے کے لئے اتحاد تشکیل دینا بھی ملک مخالف بن گیا: محبوبہ مفتی

محبوبہ نے کہا کہ بی جے پی نے خود کو نجات دہندہ کے طور پر پیش کرکے ملک کو منقسم کرنے کی اس کی پالیسی عیاں ہوگئی ہے، بے رزگاری کے بجائے لو جہاد، ٹکڑے ٹکڑے اور اب گپکار گینگ سیاسی منظر نامے پر حاوی ہیں۔

محبوبہ مفتی کی فائل تصویر / آئی اے این ایس
محبوبہ مفتی کی فائل تصویر / آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بی جے پی خود حصول اقتدار کے لئے کئی پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کرسکتی ہے لیکن ہم اگر الیکشن لڑنے کے لئے الائنس بناتے ہیں تو اس پر ملک مخالف ہونے کا لیبل لگایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بی جے پی کا بیانیہ تھا کہ گپکار اعلامیہ ملک کی سالمیت کے لئے خطرہ ہے اور اب وہ ہمیں 'گپکار گینگ' کے نام سے پکار کر ملک دشمن قرار دے رہے ہیں۔ موصوفہ نے یہ باتیں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی طرف سے گپکار اعلامیہ کے خلاف کیے جانے والے ٹویٹس کے رد عمل میں کی ہیں۔

انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'الائنس بنا کر انتخابات میں حصہ لینا بھی اب ملک دشمن قرار دیا جاتا ہے۔ بی جے پی خود حصول اقتدار کے لئے کئی الائنسز بنا سکتی ہے لیکن ہم لوگ الیکشن کے لئے متحدہ محاذ بنا کر قومی مفاد کو نقصان پہنچا رہے ہیں'۔ موصوفہ نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ پہلے بی جے پی کا بیانیہ تھا کہ یہ 'ٹکڑے ٹکڑے گینگ' ملک کی سالمیت کے لئے خطرہ ہے لیکن اب وہ 'گپکار گینگ' کو ملک دشمن ہونے کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔


انہوں نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ بی جے پی کی اپنے آپ کو نجات دہندہ کے طور پر پیش کر کے ملک کو منقسم کرنے کی پالیسی عیاں ہوگئی ہے اور مہنگائی اور بے رزگاری کے بجائے لو جہاد، ٹکڑے ٹکڑے اور اب گپکار گینگ سیاسی منظر نامے پر حاوی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔