مودی حکومت کو خط لکھ کر نتیش کمار نے کیا خصوصی مطالبہ، جواب کا انتظار!

نتیش کمار نے کہا کہ مسافروں کی سہولیات کے مد نظر دربھنگہ ائیر پورٹ پر مستقل ٹرمینل بلڈنگ کی تعمیر کیلئے ایئر فورس کی نشان زد زمین کو بلا تاخیر منتقل کرنے کیلئے مرکز کی سطح سے مناسب کارروائی کی امید ہے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

پٹنہ: بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے دربھنگہ ایئر پورٹ کو بین الاقوامی ایئر پورٹ بنائے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت سے یہاں سے پروازوں کی تعداد بڑھائے جانے اور دیگر کمپنیوں کو بھی فضائی سروس شروع کرنے کی اجازت دینے کی درخواست کی ہے۔ نتیش کمار کی جانب شہری ہوابازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری کو اس سے متعلق لکھے خط کو بدھ کو میڈیا سے شیئر کیا گیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ دربھنگہ ایئر پورٹ کو ایک بین الاقوامی ایئر پورٹ ( کارگو سمیت) کے طورپر فروغ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے ایئر پورٹ کی توسیع کے ساتھ۔ ساتھ یہاں رات میں بھی طیاروں کی آمدورفت کی سہولیات دستیاب کرانے اور سردی کے موسم میں دھند کے مسائل سے نجات دلانے کy لئے ضروری آلات نصب کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہے کہ نتیش کمار کے اس خط کا جواب کب تک ملتا ہے، اور مودی حکومت ان کی خواہش کا احترام کرتی ہے یا نہیں۔

وزیراعلیٰ نتیش کمار نے خط میں کہا ہے کہ ہوائی مسافروں کی بڑھتے مطالبات کے مد نظر یہاں سے پروازوں کی تعداد بڑھانے اور فضائی کمپنیوں کی خدمات کو دربھنگہ ہوائی اڈہ سے جوڑنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دربھنگہ کا ملک کے مزید کچھ اہم شہروں سے ربط قائم کرنے کے لئے راست فضائی سروس دستیاب کرانے کی ضرورت ہے۔


نتیش کمار نے خط میں کہا ہے کہ دربھنگہ ایئر پورٹ کا نام شاعر کوکل ودیاپتی کے نام پر رکھنے کی تجویز زیر التوا ہے۔ دربھنگہ میں 24 دسمبر 2018 کو ایئر پورٹ کے سنگ بنیاد پروگرام کے دوران انہوں نے اس کا نام ” ودیاپتی ایئر پورٹ “ کرنے کی تجویز دی تھی اور پروگرام میں موجود اس وقت کے شہری ہوابازی کے وزیر سریش پربھو نے اس پر اپنی رضامندی ظاہر کی تھی۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ”ودیاپتی صرف شاعر ہی نہیں تھے وہ بہار اور متھلا کے لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں۔ متھلا کے باشندوں کے ساتھ ۔ ساتھ میری بھی خواہش ہے کہ دربھنگہ ایئر پورٹ کو ودیاپتی ایئر پورٹ کے نام سے موسوم کیا جائے۔

نتیش کمار نے کہا کہ مسافروں کی سہولیات کے مد نظر یہاں مستقل ٹرمینل بلڈنگ کی تعمیر کے لئے ایئر فورس کی نشان زد زمین کو دربھنگہ ایئر پورٹ کو بلا تاخیر منتقل کرنے کے لئے مرکزی حکومت کی سطح سے مناسب کارروائی کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ریاستی حکومت کے ذریعہ ایئر فورس کے لئے ضروری 31 ایکڑ تحویل اراضی کی رقم الاٹ بھی کر دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس ایئر پورٹ کی چہار دیواری کی اونچائی کافی کم ہے اور احاطہ سے باہر سے بھی ہوائی جہاز کو آسانی سے دیکھا جاسکتا ہے جو تحفظ کے نقطہ نظر سے مناسب نہیں ہے۔ اس لئے چہار دیواری کو مطلوبہ اونچائی تک بڑھانے کا عمل بلا تاخیر شرع کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضروری سمجھا جاتا ہے اور مرکزی حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہوتو ریاستی حکومت بھی اس کام کو کرسکتی ہے۔


نتیش کمار نے کہا کہ دربھنگہ ایئر پورٹ شروع ہونے کے بعد کم وقت میں ہی کافی لوگ یہاں سے سفر کرنے لگے ہیں۔ مستقبل میں ایئر پورٹ کی توسیع کے کافی امکانات ہیں۔ اگر یہاں بنیادی سہولیات کا مزید فروغ ہو اور مسافروں کے لئے بنیادی سہولیات دستیاب کرائی جائیں تو یہ ایئر پورٹ جلد ہی کثیر تعداد میں لوگوں کو رابطہ عطا کرسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مرکزی حکومت سے درخواست کی ہے کہ دربھنگہ ایئر پورٹ پر مسافروں کی سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے زیر التوا ضروری کاموں کو جلد ازجلد پورا کرنے کا حکم متعلقہ افسران کو دیا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔