ذات پر مبنی مردم شماری کے لیے نتیش کمار نے پی ایم مودی کو لکھا خط

وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے نالندہ، گیا، جہان آباد اور پٹنہ ضلع کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا ہوائی سروے کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط کے بارے میں بتایا۔

مودی اور نتیش، تصویر یو این آئی
مودی اور نتیش، تصویر یو این آئی
user

تنویر

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ وہ ذات پر مبنی مردم شماری کے تعلق سے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھیں گے، اور اب ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ انھوں نے نریندر مودی کو خط لکھ کر ملاقات کے لیے وقت مانگا ہے۔ ملاقات کر کے وہ وزیر اعظم کو ذات پر مبنی مردم شماری کے تعلق سے تفصیل بتانا چاہتے ہیں اور اس سے پہنچنے والے فائدے سے بھی روشناس کرنا چاہتے ہیں۔

دراصل وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے جمعرات کے روز نالندہ، گیا، جہان آباد اور پٹنہ ضلع کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا ہوائی سروے کیا۔ اس سروے سے لوٹنے کے بعد انھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط کے بارے میں بتایا۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا انھوں نے وزیر اعظم سے ذات پر مبنی مردم شماری کے بارے میں بات کی، تو انھوں نے کہا کہ ’’ملاقات کے لیے وقت مانگنے سے متعلق میں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ دیا ہے۔ اب جیسے ہی وقت ملے گا میں اس ایشو پر بات چیت کرنے کے لیے ان سے ملاقات کروں گا۔‘‘


اس دوران نامہ نگاروں نے نتیش کمار سے آر جے ڈی سپریمو لالو یادو کے دوبارہ سیاست میں سرگرم ہونے سے متعلق بھی سوال کیا۔ اس پر نتیش کمار نے کہا کہ سیاست کرنے کا حق سبھی کو ہے، انھیں جو کرنا ہے وہ کریں۔ واضح رہے کہ لالو پرساد نے گزشتہ دنوں شرد یادو اور اکھلیش یادو جیسے سرکردہ لیڈروں سے ملاقات کی ہے اور چراغ پاسوان کے تعلق سے بھی مثبت بیانات انھوں نے دیے ہیں۔ لالو پرساد کی اس سرگرمی نے آر جے ڈی میں ایک نئی توانائی پیدا کر دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔