نتیش کمار نے اپنی پارٹی اور بہار کے لیے دانشمندانہ فیصلہ لیا: شرد پوار

شرد پوار نے کہا کہ اکالی دل جیسی پارٹی بی جے پی کے ساتھ تھی، اکالی دل کے لیڈر پرکاش سنگھ بادل کئی سال تک بی جے پی کے ساتھ تھے لیکن آج پارٹی پنجاب میں تقریباً ختم ہو گئی ہے۔

شرد پوار، فائل فوٹو
شرد پوار، فائل فوٹو
user

قومی آوازبیورو

نتیش کمار نے آٹھویں مرتبہ بہار کے وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لے لیا، اور تیجسوی یادو نے ان کے نائب کی شکل میں حلف برداری کی۔ اس درمیان این سی پی سربراہ شرد پوار نے نتیش کمار کے ذریعہ این ڈی اے سے علیحدہ ہونے کے فیصلے کو دانشمندانہ اور سمجھداری بھرا بتایا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’چاہے بی جے پی لیڈران نتیش کمار کی کتنی بھی تنقید کریں، لیکن انھوں نے دانشمندی والا فیصلہ لیا ہے۔ انھوں نے بی جے پی کے ذریعہ پیدا کیے جا رہے بحران کا احساس کرتے ہوئے یہ فیصلہ لیا، مجھے لگتا ہے کہ انھوں نے اپنی ریاست اور پارٹی کے لیے دانشمندی بھرا فیصلہ لیا ہے۔‘‘

دراصل شرد پوار مہاراشٹر کے پونے ضلع واقع بارامتی میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس درمیان جب ان سے بہار کی موجودہ سیاسی صورت حال کے بارے میں سوال کیا گیا تو انھوں نے واضح الفاظ میں اپنے نظریات سامنے رکھے۔ شرد پوار نے کہا کہ ’’بی جے پی قومی صدر نے حال ہی میں اپنے خطاب میں کہا تھا کہ علاقائی پارٹیوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے اور ان کا وجود نہیں رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں صرف ان کی پارٹی رہے گی۔ اس بیان سے ایک بات تو واضح ہے کہ بی جے پی اپنے ساتھیوں کو دھیرے دھیرے ختم کر رہی ہے، جو نتیش کمار کی بھی شکایت ہے۔‘‘


ایک مثال پیش کرتے ہوئے پوار نے کہا کہ اکالی دل جیسی پارٹی ان کے (بی جے پی) ساتھ تھی۔ اکالی دل لیڈر پرکاش سنگھ بادل بی جے پی کے ساتھ تھے لیکن آج پارٹی پنجاب میں تقریباً ختم ہو گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں شیوسینا اور بی جے پی بھی کئی سالوں تک ساتھ رہیں، آج بی جے پی یہ منصوبہ بنا رہی ہے کہ شیوسینا میں پھوٹ ڈال کر اسے کیسے کمزور کیا جا سکتا ہے اور ایکناتھ شندے و دیگر اس کام میں ان کی مدد کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */