نتیش کمار نے دہلی میں راہل گاندھی سے کی ملاقات، اپوزیشن اتحاد پر تبادلہ خیال

میٹنگ میں نتیش کمار اور راہل گاندھی کے درمیان بی جے پی کے خلاف 2024 میں مضبوط محاذ تیار کرنے پر بات چیت ہوئی، اس تعلق سے آئندہ دنوں میں مزید ملاقاتیں ہوں گی۔

نتیش کمار اور راہل گاندھی
نتیش کمار اور راہل گاندھی
user

قومی آوازبیورو

اپوزیشن کو متحد کرنے کے مشن کے تحت دو روزہ دہلی دورے پر پہنچے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پیر کی شام کانگریس لیڈر راہل گاندھی سے ملاقات کی۔ بتایا جا رہا ہے کہ تقریباً ایک گھنٹے چلی اس میٹنگ میں یکساں نظریات والی پارٹیوں کو ساتھ لانے اور مضبوط متبادل کھڑا کرنے پر تبادلہ خیال ہوا۔ نتیش کمار نے بہار میں حکومت کو حمایت دینے سے متعلق بھی راہل گاندھی کا شکریہ ادا کیا اور انھیں ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے لیے نیک خواہشات بھی پیش کیں۔

بہار کے وزیر اعلیٰ نے راہل گاندھی سے ملاقات کے دوران مضبوط اپوزیشن بنانے سے متعلق کئی اہم نکات پر بات چیت کی۔ کانگریس ذرائع کے مطابق میٹنگ میں نتیش کمار اور راہل گاندھی کے درمیان بی جے پی کے خلاف 2024 میں مضبوط محاذ تیار کرنے پر بات چیت ہوئی، اس تعلق سے آئندہ دنوں میں مزید ملاقاتیں ہوں گی۔ دونوں لیڈروں نے جس مثبت انداز میں گفتگو کی، اس سے یکساں نظریات کی پارٹیوں کو ساتھ لانے اور مضبوط محاذ کھڑا ہونے کے امکانات روشن نظر آ رہے ہیں۔


دراصل 2024 لوک سبھا انتخاب کو لے کر نتیش کمار اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کو متحد کرنے کے مشن کے تحت آج راجدھانی دہلی کے دو روزہ دورے پر پہنچے ہیں۔ وہ کئی دیگر اپوزیشن پارٹی لیڈران سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار 7 ستمبر کو صدر جمہوریہ اور نائب صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔ وہ عام آدمی پارٹی چیف اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔

اس سے قبل نتیش کمار نے پیر کو دہلی روانہ ہونے سے پہلے پٹنہ میں آر جے ڈی چیف لالو پرساد یادو سے ان کی رہائش پر ملاقات کی۔ اس دوران نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو بھی موجود تھے۔ لالو یادو سے ملاقات کر کے نکلے نتیش کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 2024 لوک سبھا انتخاب کو لے کر اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران کو متحد کرنا ہے اور اسی سلسلے میں وہ دہلی پہنچ رہے ہیں، جہاں کئی اپوزیشن لیڈران سے ملاقات ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔