مودی حکومت کے ریل انسٹی ٹیوٹ بہار سے یو پی منتقل کرنے کے فیصلے پر نتیش چراغ پا

بہار کے جمال پور میں موجود ریل تربیتی انسٹی ٹیوٹ کو اتر پردیش کے لکھنؤ منتقل کرنے کے فیصلہ پر مودی اور نتیش حکومت کے درمیان تنازعہ شروع ہو گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بہار کے جمال پور سے ریل انسٹی ٹیوٹ کو لکھنؤ منتقل کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کی بہار میں سخت مخالفت شروع ہو گئی ہے۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے وزیر ریل پیوش گویل کو خط لکھ کر فیصلے کو فوراً واپس لینے کی گزارش کی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جمال پور ریل انسٹی ٹیوٹ بہار کی سب سے پرانی ریل انسٹی ٹیوٹ میں سے ایک ہے اور نتیش حکومت اسے کسی بھی حال میں لکھنؤ منتقل نہیں ہونے دینا چاہتی۔


بہار حکومت کے وزیر اور جنتا دل یو لیڈڑ سنجے جھا نے بدھ کے روز یکے بعد دیگرے اس سلسلے میں کئی ٹوئٹ کر کے مرکز کی مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ مودی حکومت کو اپنے اس فیصلے پر از سر نو غور کرنا چاہیے۔ سنجے جھا نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ "جمال پور واقع انڈین ریلوے کے اس سب سے پرانے مرکزی ادارے سے نہ صرف بہار کے لوگوں کا بلکہ ہندوستانی ریل کے ہزاروں لوگوں اور افسران کا جذباتی لگاؤ ہے۔ نتیش کمار کے یکم مئی کو لکھے خط کی روشنی میں وزیر ریل پیوش گویل جی سے فوری مداخلت کی گزارش ہے۔"


اپنے ایک دیگر ٹوئٹ میں سنجے جھا نے لکھا ہے کہ "93 سال قدیم آئی آر آئی ایم ای ای جمال پور، بہار اور ریلوے کی فخر آمیز تاریخ کا ناقابل فراموش حصہ رہا ہے۔ 1927 سے ہی یہ ریلوے کے سرکردہ افسران کو تربیت دیتا رہا ہے۔ اسے بہار سے باہر لے جانے کے وزیر ریل کے حکم پر نتیش کمار جی نے دوبارہ غور کرنے کی گزارش کی ہے۔"

ذرائع کا کہنا ہے کہ بہار کے جمال پور سے ریل انسٹی ٹیوٹ کو اتر پردیش کے لکھنؤ منتقل کرنے کا منصوبہ تیار ہو چکا ہے۔ لیکن اس سے پہلے سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا بھی اس فیصلے پر اعتراض ظاہر کر چکے ہیں۔ انھوں نے منگل کو ٹوئٹ کر کے کہا تھا کہ لاک ڈاؤن میں مرکزی حکومت کے اس فیصلے سے کافی برے اثرات پڑ سکتے ہیں۔ بہار حکومت کو اس کے لیے زوردار مخالفت درج کرنی چاہیے۔ یشونت سنہا نے مزید کہا تھا کہ "موجودہ وقت میں اس طرح کے بڑے فیصلے کا اثر ریاستی حکومتوں کے مفاد میں نہیں ہے۔ مرکزی حکومت کا یہ فیصلہ کافی مایوس کن ہے۔ جمال پور میں دہائیوں سے ریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اپنا کام بخوبی کر رہا ہے۔ لیکن مرکزی حکومت اس بحران کے وقت میں بھی صرف اپنی سیاسی روٹی ہی سینک رہی ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔