نتن گڈکری نے ایک بار پھر اشاروں اشاروں میں کیا مودی-شاہ پر حملہ

نتن گڈکری نے ایک تقریب میں خطاب کے دوران کہا کہ جنھیں لگتا ہے کہ وہ سب کچھ جانتے ہیں وہ غلط سوچتے ہیں۔ اعتماد اور غرور میں فرق ہوتا ہے۔ آپ کو پراعتماد ہونا چاہیے لیکن غرور سے بچنا چاہیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ایک نیا بیان دیا ہے جس میں بی جے پی صدر امت شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی نشانے پر ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ صرف اچھا بولنے سے کوئی انتخاب نہیں جیت سکتا۔ دہلی میں منعقد وزارت برائے اطلاعات و نشریات کے سالانہ لیکچر میں گڈکری نے کہا کہ "آپ سب سے انکسار کے ساتھ بات کرتے ہیں، اچھا بولتے ہیں۔ یہ لوگوں کو متوجہ کرے گا، مگر اس سے آپ انتخاب نہیں جیت سکتے۔ آپ دانشور ہو سکتے ہیں، لیکن ضروری نہیں ہے کہ لوگ آپ کو ووٹ دیں۔ جنھیں لگتا ہے کہ وہ سب کچھ جانتے ہیں ان کی سوچ غلط ہے۔ اعتماد اور غرور میں فرق ہے۔ آپ کو پراعتماد ہونا چاہیے، لیکن غرور سے بچنا چاہیے۔"

قابل غور ہے کہ حال ہی میں نتن گڈکری نے تین ریاستوں میں بی جے پی کی شکست کے بارے میں کہا تھا کہ "کامیابی کے تو کئی والد (دعویدار) ہوتے ہیں لیکن ناکامی یتیم ہوتی ہے۔ جہاں کامیابی ہے وہاں سہرا لینے والوں کی بھیڑ لگی ہوتی ہے، لیکن شکست میں ہر کوئی ایک دوسرے پر انگلی اٹھانے لگتا ہے۔"

گڈکری کے اس بیان کو مودی-شاہ پر براہ راست حملہ تصور یا جا رہا تھا جس پر گڈکری نے دوبارہ وضاحت بھی پیش کی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ وہ تو بینکنگ انڈسٹری کی بات کر رہے تھے۔ انھوں نے ٹوئٹ بھی کیا تھا کہ "گزشتہ کچھ دنوں سے میڈیا کا ایک طبقہ اور اپوزیشن میرے بیانات کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے۔ اپوزیشن میرے بیان کا غلط مطلب نکال کر پارٹی اور میرا نام بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔"

لیکن اب انھوں نے دوبارہ اسی طرح کا بیان دے کر سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔ محکمہ خفیہ کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے گڈکری نے کہا کہ "انتخاب جیتنا اچھا ہے لیکن انتخاب جیت کر اگر آپ لوگوں کی طرز زندگی میں تبدیلی نہیں لا سکتے تو ہمارے اقتدار میں آنے یا جانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔"

گڈکری نے تقریباً ایک گھنٹے کی اپنی تقریر میں پنڈت جواہر لال نہرو کو بھی یاد کیا۔ انھوں نے کہا کہ "پنڈت نہرو نے کہا تھا کہ ہندوستان ایک ملک نہیں بلکہ آباد ہے۔ اگر ہم کسی مسئلہ کا حل نہیں دے سکتے تو ہمیں مسئلہ کا حصہ بھی نہیں بننا چاہیے۔" انھوں نے بغیر کسی کا نام لیے یہ بھی کہا کہ "یہ سوچ ٹھیک نہیں کہ کسی نے ایسا کیا تو میں بھی ایسا ہی کروں گا۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔