پلوامہ خودکش حملہ: این آئی اے اور کشمیر پولس مشترکہ طور پر کریں گی تحقیقات

این آئی اے کے تفتیش کاروں اور این ایس جی کے ماہرین پر مشتمل ٹیموں نے ضلع پلوامہ میں سری نگر جموں قومی شاہراہ پر حملے کے مقام لیتہ پورہ کا دورہ کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) اور جموں وکشمیر پولس مشترکہ طور پر ہلاکت خیز پلوامہ خودکش بم حملے کی تحقیقات کریں گے۔ سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ این آئی اے کے تفتیش کاروں اور نیشنل سیکورٹی گارڈ (این ایس جی) کے ماہرین پر مشتمل ٹیمیں جمعہ کو وارد وادی ہوئیں۔ ان ٹیموں نے ضلع پلوامہ میں سری نگر جموں قومی شاہراہ پر حملے کے مقام لیتہ پورہ کا دورہ کیا۔

واضح رہے کہ لیتہ پورہ میں جمعرات کو ایک ہلاکت خیز خودکش آئی ای ڈی دھماکے میں قریب 50 سی آر پی ایف اہلکار ہلاک جبکہ قریب ایک درجن دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ وادی میں 1990 کی دہائی میں شروع ہوئی مسلح شورش کے دوران اپنی نوعیت کا سب سے بڑاخودکش حملہ ہے۔ جنگجوﺅں کی جانب سے یہ تباہ کن خودکش دھماکہ ایک کار کے ذریعے کیا گیا۔ پاکستانی جنگجو تنظیم جیش محمد نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے اور این ایس جی کی ٹیمیں وادی بھیجنے کا فیصلہ مرکزی وزارت داخلہ نے لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ٹیمیں ریاستی پولس کے ساتھ ملکر حملے کی مشترکہ طور پر تحقیقات کریں گی۔ دریں اثنا ریاستی پولس نے مقامی لوگوں سے تحقیقات میں تعاون طلب کیا ہے۔ پولس کے ایک بیان میں کہا گیا 'عوام الناس سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ دھماکہ کی جگہ جانے سے گریز کریں تاکہ جانچ پڑتال کرنے والی تحقیقاتی ٹیم کو ثبوت و شواہد اکھٹا کرنے میں کوئی دقت پیش نہ آسکے۔اس سلسلے میں میں عوام اپنا بھر پور تعاون فراہم کریں۔اس واقعے کے متعلق اگر کسی کو کوئی جانکاری ہو جسے تحقیقات کو آگے بڑھانے میں مدد مل سکے تو وہ پولس کے ساتھ رابط قائم کریں'۔

پولس بیان میں کہا گیا کہ پولس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے جانچ پڑتال شروع کی ہے کہ دھماکہ کس نوعیت کا تھا اور کن حالات میں رونما ہوا۔ بیان میں کہا گیا کہ ہم (ریاستی پولس) اس بہیمانہ حملے کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اس حملے میں شہید اور زخمی ہوئے اہلکاروں کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہا رکرتے ہیں۔

پولس بیان کے مطابق خودکش حملہ جمعرات کو قریب 3 بجکر 15 منٹ پر پیش آیا۔ بیان میں کہا گیا 'جمعرات کے روز 3بجکر 15منٹ پر ضلع پلوامہ کے لدو لیتہ پورہ علاقے میں جنگجوﺅں کی جانب سے سیکورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کی اطلاع ملنے کے بعد سینئر پولس آفیسران جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ قافلے میں شامل پیرا ملٹری فورس کی ایک گاڑی دھماکے کی زد میں آئی جس کے نتیجے میں کئی اہلکار جاں بحق ہوئے۔ حملے میں جاں بحق ہوئے اہلکاروں کی صحیح تعداد کے بارے میں جانکاری حاصل کی جارہی ہے۔ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔