اہم خبریں: پڈوچیری ریاستی کانگریس کے نائب صدر ونایک مورتی کا کورونا سے انتقال

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

11 Sep 2020, 6:57 PM

پڈوچیری: ریاستی کانگریس کے نائب صدر ونایک مورتی کا کورونا سے انتقال

پڈوچیری: پڈوچیری ریاستی کانگریس کمیٹی کے نائب صدر ونایک مورتی کا کورونا وائرس کے سبب چنئی کے ایک اسپتال میں آج انتقال ہوگیا۔ وہ 78 سال کے تھے۔ ذرائع کے مطابق ونایک مورتی کچھ دن پہلے کورونا رپورٹ مثبت آنے کے فوراً بعد چنئی میں اپولو اسپتال میں داخل ہوئے تھے۔ انہوں نے آج صبح تقریبا 11.30 بجے آخری سانس لی۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے این آر کانگریس کے جنرل سکریٹری وی بالن، ایم این ایم کی پڈوچیری یونٹ کے صدر ڈاکٹر ایم اے ایس سبرامنیم اور سابق وزیر مملکت الومالائی کی کورونا انفیکشن سے موت ہوچکی ہے۔

11 Sep 2020, 5:56 PM

پی ایم اور حکومت ہند نے چین معاملہ میں اپنی ذمہ داری نبھانے سے انکار کر دیا: راہل گاندھی

کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی نے ایک بر پھر مودی حکومت کو ہند-چین سرحدی تنازعہ کے تعلق سے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ایل اے سی پر اسٹیٹس کو برقرار رکھنے کے لیے مارچ 2020 سے چین سے بات چیت ہو رہی ہے۔ راہل گاندھی مزید لکھتے ہیں کہ "پی ایم اور ان کی حکومت نے چین کو ہماری زمین سے باہر نکالنے کی ذمہ داری لینے سے انکار کر دیا ہے۔ ایسے میں بات چیت کا کوئی مطلب نہیں۔"

11 Sep 2020, 4:51 PM

حکومت کو نوجوانوں کی باتیں سننی چاہیے: پرینکا

نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے الزام عائد کیا ہے کہ مودی حکومت مستقبل کے حوالے سے متفکر بے روزگار نوجوانوں کی بات سننے کو تیار نہیں ہے لیکن ملک کے نوجوان واجب بات کہہ رہے ہیں اور وہ ان نوجوانوں کی بات کی حمایت کرتی ہے۔

پرینکا نے کہا، ’’اسٹاف سلیکشن کمیشن (ایس ایس سی) کا امتحان دینے والے طلبہ نے امتحان کے عمل، تمام مرحلے، فائینل ریزلٹ کو کیلینڈر پر مبنی طے شدہ وقت میں مکمل کرنے سمیت کئی اچھے مشورے دیے ہیں۔‘‘

حکومت نے ان مشوروں پر غور و خوض کرنے کی درخواست کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’قومی یومِ روزگار جیسے اختراعی ڈھنگ سے اپنی بات رکھنے والے نوجوانوں کو ہماری حمایت ہے۔ حکومت کو بھی نوجوانوں کی بات سننی چاہیے۔‘‘


11 Sep 2020, 12:43 PM

ریا اور ان کے بھائی کی درخواستِ ضمانت خارج

سوشانت سنگھ موت معاملہ میں ڈرگ کنکشن پیدا ہو جانے کے بعد این سی بی کی طرف سے سے گرفتار کی گئیں اداکارہ ریا چکرورتی فی الحال جیل میں ہی رہیں گی کیونکہ ان کی درخواست ضمانت سیشن عدالت سے مسترد کر دی گئی۔ ریا کے علاوہ ان کے بھائی شووک چودھری سمیت دیگر تمام ملزمان کی بھی درخواستیں عدالت نے یہ کہہ کر خارج کر دیں کہ کیس میں جو الزامات عائد کئے گئے ہیں وہ سنجیدہ نوعت کے ہیں لہذا ضمانت منظور نہیں کی جا سکتی۔

واضح رہے کہ ریا چکورتی کو منگل کے روز گرفتار کرنے کے بعد انہیں مجسٹریٹ عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی گئی تھی اور 22 ستمبر تک جیل بھیج دیا گیا تھا۔ اس کے بعد ریا کے وکیل ستیش مانشندے نے ممبئی کی سیشن عدالت میں ان کی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، جسے مسترد کر دیا گیا۔

11 Sep 2020, 11:58 AM

کمل ناتھ 12 اور 13 ستمبر کو انتخابی اجلاس کریں گے

بھوپال: مدھیہ پردیش کانگریس صدر کمل ناتھ 12 اور 13 ستمبر کو ریاست میں انتخابی دورے پر رہیں گے۔ ریاستی کانگریس صدر کے میڈیا کوآرڈینیٹر نریندر سلوجہ کے مطابق سابق وزیراعلی کمل ناتھ 12 ستمبر کو دن میں آگر مالوا ضلع کے بڑود میں اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ 13 ستمبر کو اندور ضلع کے سانورے اسمبلی حلقے کے تحت آنے والے ارجن برودا میں اجلاس کریں گے۔ ریاست میں مستقبل قریب میں 27 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہونے والے ہیں۔


11 Sep 2020, 11:02 AM

کورونا تو جا چکا ہے! بنگال بی جے پی صدر کا دعوی

ایسے وقت میں جبکہ کورونا کے 96 ہزار سے زیادہ کیسز گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہی رپورٹ ہوئے ہیں اور کیسز کی کل تعداد 45 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، بی جے پی بی جے پی کے صدر دلیپ گھوش نے دعوی کیا ہے کہ کورونا تو جا چکا ہے اور بنگال میں لاک ڈاؤن بی جے پی کی سرگرمیوں پر روک لگانے کے مقصد سے نافذ کیا گیا ہے۔

دلیپ گھوش نے کہا، ’’کورونا جا چکا ہے۔ ممتا دیدی اس لئے لاک ڈاؤن ناف کر رہی ہیں تاکہ بی جے پی ریاست میں میٹنگوں اور عواملی ریلیوں کا انعقاد نہ کر سکے۔‘‘ دلچسپ بات یہ ہے کہ دلیپ گھوش نے یہ بیان دھنیاکھلی سے ایک ریلی کے دوران ہی دیا ہے۔

11 Sep 2020, 10:32 AM

’مجنٹا‘ اور ’گرے‘ لائن پر دہلی میٹرو کی خدمات بحال

نئی دہلی: جمعہ کی صبح قومی راجدھانی دہلی میں لائن آٹھ (میجنٹالائن ) جنک پوری ویسٹ سے بوٹنیکل گارڈن اور لائن نو (گرے لائن) دوارکا تا نجف گڑھ پر میٹرو خدمات بحال کردی گئیں اور تمام آپریٹیڈ میٹرو لائنوں پر آپریشنل اوقات میں دو گھنٹے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

ڈی ایم آر سی نے ٹوئٹ کیا ’’ہم نے آج کامیابی کے ساتھ میجنٹا اور گرے لائن پر سروس شروع کی ، دہلی اور قومی دارالحکومت کے لوگوں نے ہمارے حفاظتی رہنما خطوط کو صحیح طریقے سے عمل کیا۔ احتیاط برتیں اور سفر کریں‘‘۔

ڈی ایم آر سی کے ترجمان نے بتایا کہ جن لائنوں پر سروس بحال کی گئی ہیں ،ان سبھی پر میٹرو سروس کے اوقات میں دو گھنٹے کا اضافہ کیا گیا ہے اور ان کا وقت صبح سات بجے سے ایک بجے اور شام چار بجے سے رات کے دس بجے تک ہوگا۔ ہفتہ کے روز سے ، تمام لائنوں کا وقت پہلے کی طرح صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک کردیا جائے گا۔ نئی دہلی سے دوارکا سیکٹر ۔21 تک ائیرپورٹ ایکسپریس لائن کا تیسرا مرحلہ 12 ستمبر کو بحال ہوگا۔


11 Sep 2020, 9:57 AM

ہندوستان میں کورونا کیسز کی تعداد 45 لاکھ سے تجاوز

ہندوستان میں کورونا کی وبا ہر روز نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہیں۔ ملک بھر میں سب سے زیادہ نئے کیسز اور اموات رپورٹ ہونے کے بعد کورونا کے کل کیسز کی تعداد 45 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 96551 کیسز درج کئے گئے ہیں اور 1209 اموات واقع ہوئی ہیں۔

11 Sep 2020, 9:41 AM

مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے پیش لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ اس دوران دکانیں بند ہیں اور سڑکیں ویران نظر آ رہی ہیں۔ مریضوں کی بڑھتی تعداد کے بعد ممتا بنرجی نے ہفتہ کے آخری دو دنوں میں ہنگامی خدمات کو چھوڑ کر سب کچھ بند رکھے جانے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنریجی نے 13 ستمبر کو نیٹ امتحان کے پیش نظر اس سے ایک دن قبل یعنی 12 ستمبر کے لاک ڈاؤن کو واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    /* */